لاہور ہائیکورٹ ، چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب

جمعہ 8 جون 2018 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر چیئرمین نادرا سے جواب طلب کر لیا درخواست میں عثمان یوسف مبین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے لاہورکینٹ کے فقیر حسین کی درخواست پر سماعت کی درخواستگزار وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ افغانی ہونے کی بنا پر درخواست گزار کا شناختی کارڈ بلاگ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالت عالیہ سے رجوع کرنے پر درخواست گزار کی درخواست منظور ہو چکی اور عدالت نادرا کی جانب سے درخواستگزار کا شناختی کارڈ بلالک کرنے کا حکم کالعدم قرار دے چکی ہے مگر عدالت کے 8 اپریل 2018 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی جو توہین عدالت کے مترادف ہے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر عدالت چیئرمین نادرا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے جس پر عدالت نے چیئرمین نادرا سے جواب طلب کر لیا۔