ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی خود مختاری ضروری ہے، بی اے پی کی تشکیل کے بعد بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی ہونگے، جام کمال

جمعہ 8 جون 2018 23:16

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی خود مختاری ضروری ہے بی اے پی کی تشکیل کے بعد بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی ہونگے خوشحالی امن و ترقی ہمارا نصب العین ہے ترقی کے عمل میں نوجوانوں خواتین اور اقلیت سمیت تمام طبقات کی شرکت پائیدار ترقی کی ضامن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران کے ممتاز قبائلی رہنماء و رکن ضلع کونسل سردار گل حسن سیاہ پاد کے فرزند سردار زادہ شہک سیاہ پاد کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بی اے پی کے سیکریٹری جنرل منظور احمد کاکڑ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل حسنین ہاشمی صالح محمد بھوتانی میر شعیب نوشیروانی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد اور دیگر پارٹی رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے کہا کہ تبدیلی کا محور ہمارے جوان ہیں جنہوں نے مستقبل کی درست سمت کا تعین کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے پوری توانائی کے ساتھ کام کرنا ہے ہم ان کی رہنمائی کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بلوچستان نفرتوں اور لسانیت پر مبنی سیاست کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا ہمیں تمام تر اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک صحت مند تعلیم یافتہ امن پسند معاشرے کی تشکیل کے لئے کام کرنا ہے سی پیک ترقی کا وہ راستہ ہے جس کے مواقعوں سے بہرا مند ہونے کے لیے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا ہمارے جوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں پر انحصار نہیں کرنا بلکہ اپنی صلاحیتوں کی استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے دور جدید کے تقاضوں کا مقابلہ کرنا ہے بلوچستان عوامی پارٹی روایتی سیاسی جماعتوں کی طرز پر وقتی ریلیف نہیں بلکہ ایسی پائیدار ترقی کا ویڑن رکھتی ہے جس کے ثمرات عارضی نہیں بلکہ مستقل ہوں عوام کی جوق در جوق بی اے پی میں شمولیت ہمارے اس ویڑن کی حمایت کا اعتماد ہے۔