بلوچستان عوامی پارٹی کا مقصد پڑھا لکھا بلو چستان ہے ،سعید احمد ہاشمی اوردیگر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 8 جون 2018 23:46

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا مقصد پڑھا لکھا اور ترقی یافتہ بلوچستان ہے جس کیلئے بی اے پی کی جدوجہد جاری ہے جب تک بلوچستان ترقی نہیں کریگا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا،،بلوچستان اور ملک کی ترقی میں اقلیتوں کا بہت بڑا رول ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اقلیتی برادری 25جولائی کے انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیابی دلائیں ہم یقین دلاتے ہیں ہماری پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔

یہ بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی بانی سعید احمد ہاشمی،مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو،مرکزی فنانس سیکرٹری روز جان ، سابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھٹو ، سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان ، امبرو ز جان فرانسس ، سید اسلم شاہ ، سحرش شالوم ، شاہ زمان غلزئی ، توصیف گیلانی اوردیگر نے اقلیتی رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھٹو کی جانب سے مقامی ہال میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے 25جولائی کو ہونے والے انتخابات کیلئے بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے جسکا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات کوفیصلہ سازی کے عمل میںشریک کرکے ترقی کے پائیدار اہداف کاحصول ممکن ہے اقلیتوں کوقومی فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرکے روشن مستقبل کی بنیادرکھ دی ہے بلوچستان عوامی پارٹی ہراس محب وطن کی جماعت ہے جو پاکستان سے محبت کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام روایتی سیاسی جماعتوں سے بے زارآچکے ہیں بلوچستان کے سیاسی و زمینی حقائق و حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں بلوچستان کی احساس محرومیوں کے خاتے کیلئے فیصلہ سازی کے عمل میں موثر نمائندگی ضروری ہے اسلام آباد لاہور کی سیاسی جماعتوں کو بلوچستان کے حقیقی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں اور نہ ہی باہرکی سیاسی جماعتوں نے حقیقی طور پر بلوچستان کے دکھ اور درد کو سمجھنے کی کوشش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام میں پائی جانے والے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریگی پارٹی میں عوام بلا رنگ و نسل شامل ہورہے ہیں جو پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کاواضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پورکردار ادا کیا ہے مسیحی برادری کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں خدمات ناقابل فراموش ہیں ماضی میں مسیحی برادری کے مسائل کے حل کیلئے کسی نے بھی سنجیدہ کوششیں نہیں ہیں مسیحی برادری بلوچستان عوامی پارٹی کے جھنڈے تلے جمع ہوجائے ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی انکے جائز حقوق کیلئے ہر فورم پر آؤاز اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری 25جولائی کے انتخابات میں بی اے پی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیںتاکہ پارٹی کے نمائندے ایوانوں میں جاکر انکے مسائل حل کرسکیں۔