شاہ سلمان نے اردن کے معاشی بحران کے حل کے لئے کانفرنس بلالی

ہفتہ 9 جون 2018 10:00

مکہ مکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2018ء) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اردن کے معاشی بحران کے حل کے لئے مکہ مکرمہ میں کانفرنس منعقد کرنے کی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی اخبار کے مطابق ایوان شاہی سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ عرب ممالک کو درپیش بحرانوں کے حل کے لئے خصوصی دلچسپی کے پیش نظر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اپنے بھائی شاہ اردن عبد اللہ دوئم سے رابطہ کرکے اردن کو درپیش معاشی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں شاہ سلمان نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح اور ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفون پر مشاورت کے بعد طے کیا کہ اردن کے معاشی بحران کے حل کے لئے سعودی عرب، اردن، کویت اور امارات کی 4رکنی کانفرنس مکہ مکرمہ میں 26رمضان المبارک کو منعقد ہوگی۔