ماسکو میں عالمی یوم قدس کا عظیم الشان اجتماع

ہفتہ 9 جون 2018 10:30

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2018ء) عالمی یوم قدس کے موقع پر ہزاروں روسی مسلمانوں نے دارالحکومت ماسکو میں اجتماع کرکے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ماسکو کی جامع مسجد اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر منعقد ہونے والے اس عظیم الشان اجتماع میں ایران، ترکی، عراق، افغانستان، اور لبنان سمیت دنیا کے بارہ اسلامی ملکوں کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روسی مفتیوں کی کونسل کے سربراہ شیخ راویل عین الدین نے عالمی یوم قدس کو امام خمینی رح کی قیمتی میراث قرار دیا۔انہوں نے امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے بعد سے فلسطینیوں کونہایت بے دردی کے ساتھ قتل کیا جا رہا ہے۔روسی مفتیوں کی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور امریکی و صیہونی اقدامات سے نفرت و بیزاری کی ضرورت کہیں زیادہ شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ماسکو کے علاوہ تاتارستان، باشقیرستان، چیچنیا، انگوشتیا، اوستیا اور سینٹ پیٹرز برگ میں یوم القدس کے موقع پر مظاہرے کیے گئے۔