افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور ایران دونوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان و ایران

صدر مملکت ممنون حسین کی ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے چینگ ڈائو میں ملاقات

ہفتہ 9 جون 2018 13:32

افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور ایران دونوں کے لئے اہمیت کا ..
چینگ ڈائو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2018ء) پاکستان اور ایران نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان اور ایران دونوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے ۔ہفتہ کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے یہاں چینگ ڈائو میں ملاقات کی ۔دونوں رہنماء شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت کے 18ویں اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی ، برادرانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں ۔ پاکستان اور ایران باہمی مفاد کے امور پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیر عوام کی جدوجہد کی حمایت میں ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنائی کے بیان کو سراہا ، دونوں صدور نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا ، دونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ گوادر اور چاہ بہار کی سسٹر پورٹس تجارت اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوںگی۔

مشترکہ جامع پلان اور ایکشن کے معاملے پر صدر ممنون حسین نے توقع ظاہر کی کہ اس پلان آف ایکشن کے تمام فریق اس معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھیں گے اور اس ضمن میں اپنا عزم پورا کریںگے ۔ دونوں رہنمائوں نے عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی قانون کے رولز اور اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے اور عالمی اور علاقائی بحرانوں کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان اور ایران دونوں کیلئے اہم ہے ۔