نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر غیر مرئی مخلوق کی موجودگی کا انکشاف

اے ایس ایف کے اہلکاروں سمیت متعدد افراد بے ہوش

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جون 2018 13:20

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر غیر مرئی مخلوق کی موجودگی کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جون 2018ء) :وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یکم مئی کو 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا جس کے بعد کبھی ناقص انتظامیہ تو کبھی ناقص میٹیریل کی وجہ سے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ خبروں کی زینت بنا رہا۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر مرئی مخلوق ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں دیکھ کر اے ایس ایف اہلکار سمیت کئی افراد بے ہوش ہو چکے ہیں۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پُراسرار اور عجیب نظر آنے اور پھر اچانک غائب ہوجانے والی غیرمرئی مخلوق نے خوف و ہراس پھیلا دیا  ہے جبکہ اس مخلوق کو دیکھ کر اب تک اے ایس ایف اہلکارسمیت متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی یہ مخلوق 2 بار دکھائی دے چکی ہے اور ہر بار سی سی ٹی وی کیمرہ کی آنکھ میں محفوظ بھی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ مخلوق دکھائی دینے کے بعد غائب ہوجاتی ہے اور پھر کیمرے بھی اسے تلاش نہیں کرسکتے ۔ گزشتہ روز اے ایس ایف کا اہلکار آصف کیانی اور دیگر دو لوگ خوف زدہ ہوکر بے ہوش ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے ۔ بعض لوگ اسے وہم قرار دیتے ہیں تاہم کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہونے والی تصویر شکوک وشہبات کو ختم کررہی ہے ۔

اس حوالے سے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر اپنے پیاروں کا انتظار کرنے والے لوگ بھی خوف و ہراس کا شکار ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یکم مئی کو 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا تھا۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

اس ائیر پورٹ پر سب سے پہلے کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے ۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے ۔ اس رن وے پر اے تھری ایٹی سمیت دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دُھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔

جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کا ڈیزائن جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ اسلام آباد کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر،ایک بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ وغیرہ موجود ہیں۔

اس کے علاوہ نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا جبکہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے بھی اپنے کام کا آغاز کر رکھا ہے۔ مزید برآں پاکستان کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سکیورٹی پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین لیزر سکیورٹی سسٹم بھی نصب ہے۔