انضمام الحق ناقص کاکردگی کے باوجود بھتیجے کے دفاع میں مشغول

چیف سلیکٹر کو بھتیجے اور ٹیم سلیکشن کے حوالے سے وضاحتیں دینا پڑ گئیں

ہفتہ 9 جون 2018 13:23

انضمام الحق ناقص کاکردگی کے باوجود بھتیجے کے دفاع میں مشغول
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 جون 2018 ئ) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق دورہ انگلینڈ میں ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھتیجے انضمام الحق کے دفاع میں سامنے آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں اوپننگ پاکستان کا دیرینہ مسئلہ بن چکا ہے ،گذشتہ 6سال میں مختلف 16 جوڑیاں آزمائی جا چکی ہیں ، آخری 18ٹیسٹ میں ہی 8اوپننگ پیئرز کی آزمائش ہوئی جب کہ حالیہ دورئہ انگلینڈ میں 17واں تجربہ کیا گیا۔

محمد حفیظ اور شان مسعود، محمد حفیظ اور سمیع اسلم، اظہر علی اور سمیع اسلم، اظہر علی اور شرجیل خان، اظہر علی اور احمد شہزاد، اظہر علی اور شان مسعود بطور اوپننگ جوڑی میدان میں اتارے جا چکے ہیں جب کہ سری لنکا کیخلاف یواے ای میں منعقدہ گذشتہ سیریز میں سمیع اسلم اور شان مسعود بطور اوپنر کھیلے تھے۔

(جاری ہے)

آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز میں پاکستان نے اظہر علی اور امام الحق پر انحصار کیا مگر دونوں ناکام رہے، سینئر بیٹسمین نے خاص طور پر مایوس کیا جب کہ آئرلینڈ کیخلاف ایک ففٹی کے بعد امام الحق بھی صرف 18.66کی اوسط سے رنز بناسکے،دونوں اوپنرز کے مابین انگلینڈ میں کھیلی گئی 4اننگز میں سب سے بڑی شراکت 20کی رہی۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر دباﺅ کا شکار ہونے والی بیٹنگ کو شاداب و دیگر ٹیل اینڈرز سہارا دیتے رہے، سرفراز الیون کی اگلی ٹیسٹ سیریز اکتوبرمیں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف ہونگی۔ابھی اس سیریز کے میزبان ملک کا فیصلہ نہیں ہوا تاہم یواے ای یا ملائیشیا جہاں بھی سیریز ہو پاکستان کی جانب سے ایک اور تجربہ خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

دوسری جانب اپنے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاکہ نوجوان ٹیم بھجوانے کی وجہ سے بڑی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اختتام پر یہی کہوں گا کہ سیریز سے میں بہت مطمئن ہوں۔ایک انٹرویو میں انضمام الحق نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں صلاحیتیں نظر آئیں، اگر ان پر اعتماد کیا جائے تو 1 سے 2 برس میں یہی ورلڈ کلاس کرکٹرز بنیں گے۔ انھوں نے کہا کہ امام الحق میرے لیے ایک کھلاڑی کی حیثیت رکھتا ہے، توجہ بھتیجے پر نہیں پوری ٹیم کی کارکردگی پر ہوتی ہے، اتنا ضرور کہوں گا کہ اوپنر نے اپنی صلاحیتیں دکھائیں جس کی وجہ سے وہ آگے جا سکتا ہے۔