افغان حکومت اور طالبان امن مذاکرات کے لیے امریکہ کی پاکستان سے مدد کی اپیل

پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کرداروں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے،امریکی حکام

ہفتہ 9 جون 2018 14:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) امریکہ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ طالبان شورش کے سلسلے میں براہ راست مذاکرات میں افغان حکومت کی مدد کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دباؤ کے شکار تعلقات اور اعلیٰ سطح پر باہمی رابطوں میں خلل کی صورت حال کے کئی مہینوں بعد امریکہ کے نائب صدر مائک پینس اور وزیر خارجہ مائک پومپیو نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اس ہفتے پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادت سے بات کی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ٹی وی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈپٹی اسسٹنٹ اور نیشنل سیکیورٹی کونسل میں ساؤتھ ایشیا اینڈ سینٹرل ایشیا کی سینیئر ڈائریکٹر لیزا کرٹس ن ے وضاحت کی امریکہ افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے کئی خطوط پر کوششوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوششوں کا ایک اہم عنصر یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان اس عمل میں ایک تعمیری کر دار ادا کرے۔کرٹس نے کہاکہ پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کرداروں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔