بنیادی مقصد اور ترجیح انتخابات کے انعقاد کوشفاف بنانا ہے،نہ پہلے کوئی سیاسی ایجنڈا تھا اور نہ اب ہے ‘پروفیسر حسن عسکری

ہفتہ 9 جون 2018 14:15

بنیادی مقصد اور ترجیح انتخابات کے انعقاد کوشفاف بنانا ہے،نہ پہلے کوئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری نے کہا ہے کہ میرا بنیادی مقصد اور ترجیح انتخابات کے انعقاد کوشفاف بنانا ہے،نہ تو پہلے کوئی سیاسی ایجنڈا تھا اور نہ اب ہے، نگران حکومتوں کی کارکردگی دیکھ کرشکوک دور ہوجائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

حسن عسکری نے مزاراقبال پرفاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادرچڑھائی،اس موقع پر نگران وزیراعلی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کرانا میری بنیادی ذمہ داری ہے، نگراں حکومتوں کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع مہیا کرنا ہے، میری کابینہ چھوٹی اور ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ہوگی اورغیر سیاسی ہوگی، ایک مقررہ مدت کے لئے آیا ہوں، میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، تمام سیاسی جماعتوں میں توازن برقراررکھیں گے۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب سے لکھنا شروع کیا سب حکومتوں پرتنقید کی، میں آج سے نہیں 40 سال سے اخبارات میں لکھ رہا ہوں، صوبائی حکومتوں کا کام الیکشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنا ہے، نگران حکومتوں کی کارکردگی دیکھ کرشکوک دور ہوجائیں گے۔ الیکشن میں سہولت کے لئے جو تبدیلی ہوگی وہ کی جائے گی، الیکشن میں ضلعی انتظامیہ کابہت اہم کردارہوتا ہے، ضلعی انتظامیہ کو کہیں گے تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں یکساں مواقع دیں، الیکشن کوشفاف بنانے کے لیے امن وامان برقراررکھنا لازمی ہے۔ایک سوال کے جواب میں پروفیسرحسن عسکری نے کہا کہ جب بھی نئی حکومت آتی ہے بعض تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔