تمام عالمی ادارے گزشتہ حکومت میں ہونیوالی برق رفتار ترقی کے معترف ہیں ‘ (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ

مضبوط انفراسٹر اکچر کیوجہ سے باقی صوبوں کے مقابلے میں سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح پنجاب ہوتا ہے عام انتخابات میں تاجر برادری مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کریگی‘ سینئر نائب صدر میاں عثمان

ہفتہ 9 جون 2018 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) تمام عالمی ادارے گزشتہ حکومت میں ہونے والی برق رفتار ترقی کے معترف ہیں ،پہاڑ جیسی رکاوٹوں کے باوجود شرح نمو کا6فیصد کی سطح پر پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن)ترقی کی ضامن جماعت ہے ، آئندہ عام انتخابات میں تاجر برادری مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو صرف مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک معاشی طور پر مضبوط ہوا ۔ انفرا سٹر اکچر کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ اس کے بغیر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

مضبوط انفراسٹر اکچر کی وجہ سے آج باقی صوبوں کے مقابلے میں سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح پنجاب ہوتا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کو انتخابات کے تناظر میں متحرک کیا جارہا ہے او رانشا اللہ جلد تمام مارکیٹوں کے دورے شروع کئے جائیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں تاجر برادری مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔