پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر بدر الدین چوہدری اور ان کے داماد رانا مبشر گھروں پر بجلی چوری کر تے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

ہفتہ جون 15:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2018ء) پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر بدر الدین چوہدری اور ان کے داماد رانا مبشر گھروں پر بجلی چوری کر تے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، کارروائی کرنیوالی فیسکو ٹیم کو اہل خانہ نے ملازمین کے ہمراہ یر غمال بنا لیا ، سرکاری گاڑیوں پر قبضہ ، ایکسیئن میڈیا کی گاڑی میں بیٹھ کر ایس پی کے دفتر میں پہنچ گئے ، پولیس نفری کے ہمراہ فیسکو ٹیم کو آزاد کروا کر میٹر قبضہ میں لے لئے ، مقدمہ کیلئے درخواستیں دائر ، بتایا گیا ہے کہ ایکسیئن فیسکو پیپلز کالونی سید فہیم شاہ کی قیادت میں دو ایس ڈی او اور دو سپیشل ٹیموں نے پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر بدر الدین چوہدری اور ان کے داماد رانا مبشر کے دو کوٹھیوں پر چھاپہ مار کر ایل ٹی لائنوں سے براہ راست تاریں لگا کر چوری ہونیوالی بجلی پکڑلی ، میٹر اتار نے کے دوران ان کے اہل خانہ اور ملازمین نے ایکسیئن پر دھاوا بول کر میٹر اتارنے نہ دیا اور ایکسیئن کے ڈرائیور کو زدو کوب کرتے ہوئے سرکاری گاڑی کی چابی چھین لی اور گاڑی پر قبضہ کر لیا ، ایکسیئن سید فہیم شاہ میڈیا کی گاڑی میں بیٹھ کر جائے وقوعہ سے نکلنے میں کامیاب ہوئے اور مدد کیلئے سیدھا ایس پی کے دفتر پہنچ گئے اور پولیس کی نفری کے ہمراہ دوبارہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ڈرائیور کو گاڑی سمیت آزاد کروا کر پولیس کی مدد سے 6میٹر اتار لئے اور تھانہ بٹالہ کالونی میں مقدمات کیلئے استغاثے دائر کردیئے ، فیسکو میں اثر و رسوخ کی وجہ سے سابق صوبائی وزیر بدر الدین چوہدری فیسکو ملازمین کے ہمراہ ملی بھگت کر کے عرصہ دراز سے بجلی چوری کر رہے تھے اور متعلقہ میٹر ریڈرز بھی اس واردات میں ملوث تھے ۔

(جاری ہے)

ایکسیئن پیپلز کالونی سرکل سید فہیم شاہ نے واردات کا علم ہونے پر ایس ڈی او بٹالہ کالونی سب ڈویژن محمد صدیق ، ای ڈی او سمندری روڈ محمد عمیر رضا ، ٹاسک فورس سکینڈ سرکل اور ڈویژنل ٹاکس فورس کے ہمراہ شالیمار ٹائون میں بدر الدین چوہدری اور ان کے داماد کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارنے کا منصوبہ بنایا لیکن اہل خانہ اور ملازمین کی طرف سے شدید مزاحمت پر معاملہ زیادہ بگڑ گیا ، ایکسیئن کی طرف سے دائر استغاثوں پر بٹالہ کالونی پولیس معصروف کارروائی ہے ۔