خصوصی و معذور افراد کو معاشرے کا اہم رکن بنانے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،چیئرمین بلدیہ شرقی

ہفتہ 9 جون 2018 15:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) سابق رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ لائینز ایریا میں ورلڈ ڈس ایبلڈ آرگنائزیشن کے زیر انتظام خصوصی افراد کو تربیت دینے والے ادارے میں خصوصی افراد سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر امدادی سامان کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر مختلف فلاحی تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری قوم میں مدد کا لامحدود جذبہ پایا جاتا ہے،خصوصی افراد کو معاشرے کا کارآمد رکن بنانے کیلئے جو کام کیا جا رہا ہے وہ انتہاء قابل ستائش ہے جس میں استطاعت کے مطابق شریک ہونا چاہیئے رمضان المبارک میں اپنی اپنی سطح پر جس طرح امدادی کام کئے گئے ہیں وہ اس بات کی مثال ہے کہ ہم ایک زندہ اور مدد کرنے والی قوم ہیں ، امداد کو درست جگہ تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اس موقع پر انہوں نے تمام فلاحی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مدد کرنے کا جو جذبہ ہمارے یہاں پایا جاتا ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے خصوصی افراد میں غذائی سامان ، وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکل اور کپڑے تقسیم کیئے بعد از اں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے بعد ماحولیاتی آلودگی سے نبردآزما ہونے کیلئے باہمی اشتراک عمل سے شجرکاری مہم کاآغاز کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق ایم این اے کشور زہرہ نے تقریب کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ معاشرے کے کمزورافراد کیلئے آواز اٹھائی ہے لیکن جس طرح اجتماعی طور پر قوم نے سب کی مد د کی ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی، فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے معاشرے کی تکالیف کو دور کیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں کردار ادا کیا جانا خوش آئند ہے، تقریب سے دیگر معززین نے بھی خطاب کیا اور زور دیا کہ خصوصی و معذور افراد معاشرے کیلئے بوجھ نہیں ہیں ہمیں ان کی خداداد صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے ساتھ ہی ان کی مدد کیلئے بھی کردار ادا کرنا ہے تاکہ ان کو معاشرے کا اہم حصہ بنایا جاسکی.