مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا دو مراحل میں اعلان کریگی

چوہدری نثار علی خان کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے ،ْذرائع

ہفتہ 9 جون 2018 15:49

مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا دو مراحل میں اعلان کریگی ،ْ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ نہ دینے پر قائم ہیں ،ْ انہیں ٹکٹ دینے کے حوالے سے تجویز سامنے آئی ہے کہ اگر چوہدری نثار کی جانب سے ٹکٹ کی درخواست نہ آئی تو انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے چوہدری نثار علی خان کی جگہ درخواست دینے والوں کو ٹکٹ جاری کرنے پر غور کیا گیا ،ْ اس حوالے سے پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی کے قائد نواز شریف کے درمیان اختلاف موجود ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 2 مرحلوں میں پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائیگا ،ْ پہلے مرحلے میں 10 جون کو بعض امیدواروں کے نام سامنے لائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق 70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو دیے جائیں گے اور بعض پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی وجہ سے متبادل امیدوار رکھے جائیں گے ،ْ بعض حلقوں سے 3 سے 4 کورنگ امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور مریم نواز کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تجویز سامنے آئی ہے ،ْ مریم نواز کو کراچی سے بھی الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔