بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ‘ہفتوں پانی کی بندش کیخلاف عوام علاقہ گڑھی دوپٹہ کا جہلم ویلی روڈ بند کر کے احتجاجی مظاہرہ

حکومت‘محکمہ برقیات ،محکمہ پبلک ہیلتھ کیخلاف شدید نعرہ بازی

ہفتہ 9 جون 2018 15:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ ہفتوں پانی کی بندش کے خلاف سید راشد نقوی کی قیادت میں عوام علاقہ چوک بازار گڑھی دوپٹہ کا جہلم ویلی روڈ بند کر کے احتجاجی مظاہرہ ۔حکومت ۔محکمہ برقیات ،محکمہ پبلک ہیلتھ کے خلاف شدید نعرہ بازی ۔روڈ بند ہونے کی وجہ سے کاروبار زندگی معطل اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی گڑھی دوپٹہ سید راشد نقوی نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہے کہ عوام رمضان المبارک میں بجلی اور پانی سے محروم ہیں ۔شدید گرمی میں بغیر اعلان کے بجلی بند کر کے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا جاتا ہے جبکہ ایک ایک ہفتہ پانی بند رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

برقیات والے کہتے ہیں کہ پانی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ پبلک ہیلتھ والے کہتے ہیں کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی سپلائی معطل رہتی ہے ۔

ایک گھنٹہ سے زائد جہلم ویلی روڈ کی بندش اور احتجاجی مظاہرہ سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔اس موقع پر ایکسیئن برقیات گڑھی دوپٹہ ،ایس ایچ او گڑھی دوپٹہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر احتجاج موخر کر دیا گیا جبکہ ایکسین جہلم ویلی نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو پریشانی ہوئی جس پر معذرت کرتا ہوں دو روز کے اندر بجلی کی تمام لائنیں بحال کرنے ،لوڈ شیڈنگ ختم کر دینگے ۔