شر پسندوں نے پٹرول چھڑک کر گھروںکو آگ لگا دی‘آتشزدگی سے 2 مکان جل کر خاکستر ‘پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا

عوام علاقہ کی آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کی استدعا‘ متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ

ہفتہ 9 جون 2018 16:11

آٹھ مقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) شر پسندوں نے پٹرول چھڑک کر گھروںکو آگ لگا دی، خوفناک آتشزدگی سے دو مکان جل کر خاکستر پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا، عوام علاقہ کا آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کی استدعا، متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق عبدالرشید ولد نواب خان سکنہ نگدر چھے بنی کا رہائشی مکان موضع ڈک ڈھوک میں نامعلوم افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی آتشزدگی کی وجہ سے دو مکان جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مکانات میں قیمتی گھریلو سامان سمیت ہر چیز جل گئی ہے۔ آتشزدگی اتنی شدید تھی کہ ریسکیو کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ مقامی پولیس موقع پر پہنچ کر سانحہ کا جائزہ لیا ہے۔ متاثرین نے تھانہ پولیس لوات کو شرپسندوں کے خلاف کاروائی کے لئے تحریری درخواست دی ہے جس پر باقاعدہ کاروائی شروع کر دی ہے۔ تااہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ تھانہ پولیس لوات کے ایس ایچ او ممتاز خان نے متاثرین کو بھرپور قانونی کاروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ عوامی حلقون نے بھی حکومت آزاد کشمیر سے متاثرین کی مدد اور معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔