پی پی آزادکشمیر کی تنظیم سازی، سندھ زون سے سینئر کارکنان نے جماعت کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ

ہفتہ 9 جون 2018 16:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) پی پی آزادکشمیر کی تنظیم سازی، سندھ زون سے سینئر کارکنان نے جماعت کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کرلیا، جماعت سے اجتماعی استعفیٰ دیکر ریاست بھر میں رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ، سدھنوتی ویلفیر ٹرسٹ کے عہدیداران میں ہی ریوڑیوں کیطرح پیپلزپارٹی کے عہدے تقسیم کرنا قبول نہیں، پارٹی کیخلاف الیکشن لڑنے سے اگر عہدے ملتے ہیں تو آئندہ ایسا کرنا پڑے گا، تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی تنظیم سازی کا عمل جاری ہے، سندھ زون اور پنجاب میں باڈیز کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، سندھ زون میں یہ اعلان سامنے آتے ہی پیپلزپارٹی کے نظریاتی کارکنان، سابق عہدیداران، پارٹی کے لیے دن رات محنت کرنیوالے ہزاروں کارکنان نے بغاوت کا اعلان کردیا، اور حالیہ تنظیم سازی کو ماننے سے مکمل انکار کرتے ہوئے پارٹی سے اجتماعی طورپر استعفیٰ دینے پر غورشروع کردیا، اور فیصلہ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کو آزادکشمیر کے تمام حلقہ جات میں اس کا جواب دینے کا اعلان کردیا ہے، ان کارکنان کے مطابق سندھ زون میں پی پی پی آزادکشمیر کے عہدے سدھنوتی ویلفیر ٹرسٹ کے عہدیداران میں تقسیم کیے گئے ہیں، اور کچھ ایسے لوگوں کو عہدیدار بنا دیا گیا ہے جنہوں نے سابقہ الیکشن پیپلزپارٹی کیخلاف لڑا، اور جماعت کو نقصان پہنچایا، پی پی کے دور میں کشمیریوں کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کرنیوالے شخص کو بھی اعلیٰ عہدے پر بٹھا دیا گیا ہے، یہ کہاں کی جمہوریت ہے کہ اقتدار میں بھی انہوں لوگوں پر حکومتی عہدوں کی نوازشات اور آج پارٹی عہدے بھی انہی کو دے دیئے جائیں، اس لیے ہم صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہیں اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں تاکہ پیپلزپارٹی کسی بڑے نقصان سے بچ سکے۔