قبلہ اول پرصیہونی قبضہ اور امریکہ کا بیت المقدس میں سفارتخانہ منتقل کرنا مسلمانوں کے سینے میں چھرا گھوپنے کے مترادف ہے ‘ عالم اسلام کے حکمران اور عوام ملکر امریکہ کی اس سازش کو ناکام بنائیں

وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر نماز جمعہ کے موقع پر یوم القدس کے حوالہ سے علماء کا خطاب

ہفتہ 9 جون 2018 16:25

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) قبلہ اول پرصیہونی قبضہ اور امریکہ کا بیت المقدس میں سفارتخانہ منتقل کرنا مسلمانوں کے سینے میں چھرا گھوپنے کے مترادف ہے عالم اسلام کے حکمران اور عوام ملکر امریکہ کی اس سازش کو ناکام بنائیں ۔ہم اسرائیل اور بھارت کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر نماز جمعہ کے موقع پر یوم القدس کے حوالہ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی سید وجاہت حسین گریزی ،مولانا امتیاز صدیقی ،مولانا سید عطاء اللہ شاہ ،مولانا ملک شوکت عارف قادری ،مولانا محمد ظریف خان ساقی ، مولانا منیر ہارونی ، مولانا سید مشتاق علی کاظمی ، مولانا امین الحق ، مولانا سید خضر علی شاہ ، مولانا سید مسعود احمد شاہ ، مولانا فردوس نعیمی ، مولانا محمد اسحاق ہارونی ، مولانا قاری محمد اشرف اور دیگر نے علماء نے نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عالم اسلام سے نا اتفاقی کی وجہ سے عالم کفر ہر جگہ مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے ۔ اور مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر آزادی کا حق دینے کے بجائے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔ اسلئے ان مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ مسلمان حکمران امریکہ کی غلامی سے نکل کر باہم متحد ہو کر عالمی سازشوں کا مقابلہ کریں اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے متفقد لائحہ عمل اختیار کریں ۔

علماء نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امریکہ ،اسرائیل اور انڈین مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔رمضان کے مہینہ میں فلسطین جو قبل اول ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کریں آخر میں متفقہ قرارداروں کے ذریعے اسرائیلی و بھارتی مظالم کی بھر پور مذمت کی گئی نیزامریکہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کی منتقلی کی بھر پور مذمت کی گئی اور امریکہ سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر بیت المقدس سے امریکی سفارتخانہ واپس منتقل کرے ۔