ایرانی قونصلیٹ میں سالانہ دعوت افطارکااہتمام

جے یوپی،جماعت اسلامی، متحدہ علماء محاذاور دیگر دینی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی شرکت

ہفتہ 9 جون 2018 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) ایرانی قونصلیٹ میں منعقدہ سالانہ دعوت افطارمیں جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدرعلامہ سیدعقیل انجم قادری، محمدشکیل قاسمی،جماعت اسلامی کے نائب امیر اسداللہ بھٹو، سابق ایم این اے مظفرہاشمی،متحدہ علماء محاذپاکستان کے بانی وجنرل سیکریٹری مولانامحمدامین انصاری،جامعہ بنوریہ کے مفتی سیف اللہ ربانی، سواد اعظم پاکستان کے حافظ گل نواز،پاکستان مسلم لیگ ن علماء ومشائخ ونگ سندھ کے صدر سیدازہرشاہ ہمدانی،کیپٹن (ر) عمران غوری، جمعیت اہلحدیث کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،اے این آئی کے سعد خان، سیدحسنین عقیل،سیداحمر سمیت دیگر دینی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔

میزبان قونصل جنرل ایران احمدمحمدی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غاصب اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم وجبر کی بدترین تاریخ دہرائی جارہی ہے،پوری دنیاکے لوگوں کے لئے ان کا اپناوطن ہے لیکن فلسطینی اپنے گھروں کو واپس لوٹنے نہیں دیاجارہاہے،دوسری جانب امریکابھی اسرائیل کی پشت پناہی کرتے ہوئے اپناسفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کرکے اپنی شیطانیت واضح کرچکاہے،ایسے میں امت مسلمہ کا اتحاد انتہائی ضروری ہے، اسلامی جمہوریہ ایران امت مسلمہ میں شعوروبیداری کا فریضہ انجام دیتارہے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ سید عقیل انجم قادری اورجماعت اسلامی کے مظفرہاشمی نے کہاکہ پاکستان کی مذہبی وسیاسی جماعتیں ہمیشہ سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں، ہرفورم پر فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں آوازبلندکی اور اسرائیل کی مذمت کرتے رہے ہیں،اسلامی جمہوریہ ایران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ اس نے فلسطین کے مسئلے کو دنیابھرمیں اجاگر کیااور نامساعد حالات کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑارہا۔دیگر مسلم ممالک کوبھی چاہئے کہ ایران کی تقلید کرتے ہوئے اپنافریضہ انجام دیں۔