Live Updates

سی پیک میں ریلوے کو اچھا حصہ مل رہا ہے ،انفراسٹرکچر ٹھیک کرینگے ، ٹریک کو بہتر ،ٹرین کی سپیڈ بڑھائیں گے‘محمد جاوید انور

پچھلے چار سالوں میں ریلوے میں بہت بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے ریلوے میں مسافروں ،تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے

ہفتہ 9 جون 2018 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان ریلوے پولیس کے 64ویں ریکروٹ کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب ریلوے ٹریننگ سکول والٹن اکیڈیمی لاہور میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری /چیئرمین ریلویز محمد جاوید انور تھے۔تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری/ چیئرمین ریلویز محمد جاوید انورنے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے فخر اور خوشی ہے کہ میں اس تقریب میں شامل ہوا ہوں۔

مرد کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل تربیت کا ایک کٹھن مرحلہ طے کر کے اس پوائنٹ پر پہنچے ہیں جہاں یہ انشااللہ اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کرنے میں مشغول ہو جائیں گے۔ یقینا آپ لوگوں نے ایک انتہائی مشکل مرحلہ طے کر لیا ہے جس کے لئے آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ہماری ریلویز کی سروس ایسی ہے جس میں دن رات خدمات سرانجام دینا پڑتی ہیں۔

(جاری ہے)

عید ہو،شب برات ہو،بارش ہو،آندھی ہو،مشکل حالات ہوں یاشر پسند عناصر نے ریلوے کو خراب کرنے یا نقصان پہنچانے کا ارادہ کیا ہو ان سب سے احسن طریقے سے نمٹنا ہوتا ہے ہم نے مشکل وقت میں اپنی ٹرین کو رُکنے نہیں دیا۔

یہ واحد ادارہ ہے جس کی اپنی پولیس فورس ہے باقی جو بھی ادارے ہیں وہ صوبائی پولیس فورس سے استفادہ حاصل کرتے ہیں ۔ یہ ایک مکمل پولیس فورس ہے۔ جو پٹرولنگ ،اہم تنصیبات کی حفاظت ،مسافروں کو حفاظت سے منزل مقصود تک پہنچانا ،بُرے ارادے والے لوگوں سے مسافروں اور ریلوے کو بچا کر رکھنا ان کا طرہ امتیاز ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں ریلوے کو ایک اچھا حصہ مل رہا ہے جس میں انفراسٹرکچر ٹھیک کریں گے ، ٹریک کو بہتر کریں گے ٹرین کی سپیڈ بڑھائیں گے اس میں ہم سب کو چائنیز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا اور ان کی سیکورٹی کے معاملات کو بھی احسن طریقے سے نبھانا ہو گا ۔

سی پیک کے تحت سب سے پہلے اس اکیڈیمی کی اپ گریڈیشن بھی سب سے اہم منصوبہ ہے ۔ پچھلے چار سالوں میں ریلوے میں بہت بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے ریلوے میں مسافروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ قبل ازیں تقریب میں آئی جی ریلویزڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریلوے پولیس کے 64ویں کورس میں تمام ڈویژنز سے 150پولیس جوان اور 11خواتین پاس آؤٹ ہو رہے ہیں ۔

اب تک تقریبا 10ہزار سے زائد پولیس افسران پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر چکے ہیں ان کورسز کے دوران جوانوں کو جہاں پولیس کے قواعد، ملکی قوانین اور پولیس کے طریقہ کار کی تربیت دی جاتی ہے وہاں اُنہیں جدید اسلحہ کے استعمال اور نظم و ضبط کا پابند بھی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ آج سے اس ملک اور اس کے عوام کی حفاظت و خدمت کے لئے اُٹھائے گئے حلف کی پاسداری کریں گے اور اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کا مظاہرہ مثالی کارکردگی سے کریں گے۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد آفتاب اکبر ،آئی جی ریلویز ڈاکٹر مجیب الرحمن خان ،جنرل منیجر ویلفیئر محمد طاہر ،ڈی جی والٹن سعید خان،ڈی آئی جی شارق جمال ،ڈی آئی جی جواد احمد ڈوگر ،ڈی آئی جی محمد سلیم کے علاوہ ریلوے اور پولیس کے سنیئر افسران نے شرکت کی۔ ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں اور خواتین نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔آخر میں سیکرٹری /چیئرمین ریلویز محمد جاوید انور نے نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو شیلڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات