کشمیر ی اور فلسطینی عوام آزادی ،عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق رکھتے ہیں، یاسین ملک

محکوموں کی جدوجہد استعماری حربوں سے ہرگز دبائی نہیں جاسکتی،بھارتی حکومتعید کے موقع پر بھی نظر بندوں کو رہا نہ کر کے کشمیر اور مسلم دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے، اجتماع سے خطاب

ہفتہ 9 جون 2018 17:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر ی اور فلسطینی عوام آزادی ،عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق رکھتے ہیں اور اس حوالے سے انکی جائز جدوجہد استعماری حربوں سے ہرگز دبائی نہیں جاسکتی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے چرار شریف میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں بھارت کی قابض فوج شہریوں کا بے دریغ قتل کرنے میں مصروف ہے ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا اسرائیل بھی نہتے فلسطینیوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے اور اسکے ہاتھ بھی کوئی نہیں روک رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ ستر برس سے کشمیریو ں کے خلاف فوجی طاقت کا بے تحا شا استعمال کر رہا ہے اور ا س نے اس وقت کشمیری جوانوں کے خلاف ایک بدترین تشدد آمیز مہم چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو سفاکانہ طریقے سے قتل کیا جا رہا ہے اور انہیں تفتیشی مراکز میں بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

محمد یاسین ملک نے کہا کہ قابض فورسز نے 2016کی پرامن احتجاجی تحریک کے بعد سے اب تک چھ سو سے زائد کشمیری نوجوان شہید اور ہزاروں زخمی کیے جبکہ پیلٹ مار کر سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو بصارت سے محروم کر دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ قتل و غارت اور نسل کشی کا یہ سلسلہ لگاتار جاری ہے اور اس کا واحد مقصد کشمیریوں کے جذبہٴ آزادی کو دبانا ہے۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ اس قدر سفاکانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت اور مقبوضہ علاقے میں اسکے کٹھ پتلی بات چیت کی رٹ لگا رہے ہیں جسکا واحد مقصد عالمی برادری کو گمرا ہ اور انسانیت کے خلاف جرائم کی پردہ پوشی کرنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ آزادی کی عالمی تحریکوں کی تاریخ گواہ ہے کہ آج تک کوئی ظالم خواہ وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ تھا مظلوم اور کمزور اقوام کی تحریکوں کو طاقت کے بل پر دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ آزادی اور حق خودارادیت کا حصول کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق کے حصول سے روک نہیں سکتی۔

محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی تکالیف و مصائب کیلئے بھارت نواز سیاست دان برابر کے ذمہ دار ہیں لہذ کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ انکا مکمل بائیکاٹ کریںاور نہا د انتخابات سے بھی خود کو بالکل دور رکھیں۔ محمد یاسین ملک نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے عزم وہمت کر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کو جیلوں میں شدید ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحاد ی کٹھ پتلی حکومت اپنے فسطائی آقا راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کو خوش کرنے کیلئے عید کے موقع پر بھی نظر بندوں کو رہا نہ کر کے کشمیر اور مسلم دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔