پاکستان، بھارت قیام امن کیلئے ٹھوس اقدامات کریں،سکھ تنظیم کا مطالبہ

بھارت کی سیاسی جماعتوں کو مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے اندر ایک اتفاق رائے پیداکرنا چاہیے ،بیان

ہفتہ 9 جون 2018 17:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے پاکستان اور بھارت سے اپیل کی ہے کہ وہ امن کے قیا م کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ مقبوضہ وادی میں قتل عام بند اور سرحدوں پر رہنے والے محفوظ ہو سکیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے یہ اپیل سرینگر میں منعقدہ اپنے ایک اجلاس کے دوران کی۔

تنظیم نے دونوں ملکو ں سے اپیل کی کہ وہ مزید کسی تاخیر کے بامعنی مذاکراتی عمل کا آغاز کریں۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا کی طرف سے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت کو اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر کشمیری حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کو جیلوں سے رہا کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر ایک اتفاق رائے پیداکرنا چاہیے کہ مذاکراتی عمل کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے سنجیدگی کا ہونا ضروری ہے اور مزاحمتی رہنمائوں کو بھی مذاکرات میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔