کشمیری بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، سید علی گیلانی

بھارت کی طاقت استعمال کرنے کی پالیسی مقبوضہ علاقے میںخون خرابے کی بنیادی وجہ ہے، بیان

ہفتہ جون 17:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے حصول آزادی کی منزل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جو 2010ء سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی کٹھ پتلیوں نے علاقے میں معصوم شہریوں کے خلاف خوف ودہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ مزاحمتی رہنمائوں پر پابندیاں عائد کرکے، مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روک کر اورنظربندکرکے انہیںپرامن مظاہروں کے حق سے محروم رکھ رہی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیا جائے گااور ان کے مشن کو ہرقیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ شہید نوجوان مدثر احمد بٹ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلع کولگام کے علاقے پاریگام میں ان کے گھر گئے۔

نوجوان کو بھارتی فوجیوں نے حال ہی میں ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فوجی طاقت استعمال کرنے کی پالیسی مقبوضہ کشمیر میں خون خرابے کی بنیادی وجہ ہے۔ جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع ریشی نے سرینگر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیںجس کا وعدہ ان سے عالمی برادری نے کیا ہے لیکن بھارت ا ن کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے۔ دہلی کی ایک عدالت نے تہاڑ جیل میں ایک جھوٹے کیس میں نظربند کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔