ْسپریم کورٹ کی جانب سی54ارب کے قرضے معاف کرانیوالوں کامحاسبہ خوش آئند ہے‘میاں مقصود احمد

سابق حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، پاکستان باصلاحیت افراد کاملک ہے جس کی60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب و امیرجماعت اسلامی پنجاب کی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 9 جون 2018 17:40

ْسپریم کورٹ کی جانب سی54ارب کے قرضے معاف کرانیوالوں کامحاسبہ خوش آئند ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا ہے،کرپشن کی انتہاہوچکی ہے ،بااثر افراد بینکوں سے اربوں کاقرض لے کر کھاجاتے ہیں اورکوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا ،سپریم کورٹ کی جانب سی54ارب روپے معاف کروانے والی222کمپنیوں اور افراد کے خلاف کارروائی کااعلان خوش آئندہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ کارروائی کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے ،بڑے بڑے مگرمچھ قوم کی خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جب تک ان کامحاسبہ نہیں ہوگا ملک خوشحال ہوسکتاہے اور نہ ہی قوم کامعیار زندگی بہترہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن اور کرپٹ عناصر نے پہنچایا ہے۔سابق حکمرانوں کی عاقبت نااندیش معاشی پالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ملک کی40فیصد آبادی یومیہ ایک ڈالر کمانے پر مجبور ہے۔سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاچلا جارہا ہے جوکہ تشویش ناک امر ہے۔

مسلم لیگ(ن)نے پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانے کے جودعوے اور وعدے قوم سے کیے تھے وہ سب کے سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔22کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ معیشت کی زبوں حالی کے باعث مہنگائی نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔عوام کوکسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق حکمرانوں نے ڈنگ ٹپائوپالیسیوں کے سواکچھ نہیں کیا۔

ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ حکمران شاہانہ اندازحکمرانی چھوڑ کر حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کریں۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔اللہ تعالیٰ نے معدنیات سے لے کر بہترین جغرافیائی حدودتک سے نوازاہے مگرالمیہ صرف محب وطن قیادت کے فقدان کاہے۔ملک وقوم کوایماندارقیادت میسر آجائے تو پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرسکتاہے۔پاکستان باصلاحیت افراد کاملک ہے جس کی60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے انہیں ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے لیے بروئے کارلانا ہوگا۔