ٹکٹوں کی تقسیم پر بنی گالہ کے باہر کارکنوں کا احتجاج، شدید نعرے بازی

سرور خان بطور امیدوار قبول نہیں، این اے 54 پر اجمل راجہ کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے، کارکنوں کا مطالبہ

ہفتہ جون 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2018ء) تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کارکنوں نے پارٹی قیادت کے فیصلے تسلیم کرنے سے انکارکرتے ہوئے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہراحتجاج کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے پارٹی قیادت پر ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

کارکنان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے سرور خان کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سرور خان بطور امیدوار قبول نہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ این اے 54 پر اجمل راجہ کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کی انتخابی فہرست جاری کر دی ہے۔امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امیدواروں کا انتخاب نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے ہیں۔