چیف جسٹس آف پاکستان کی میئر کراچی وسیم اختر کے کام کی تعریف

ہفتہ 9 جون 2018 17:44

چیف جسٹس آف پاکستان کی میئر کراچی وسیم اختر کے کام کی تعریف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجز بینچ کی واٹر کمیشن کے حوالے سے سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے میئر کراچی وسیم اختر کے کام کی تعریف کی گئی ، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی ، آپ کی کارکردگی اچھی ہے ، میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ پہلے سے بہتری آئی ہے کام تیزی سے ہو رہا ہے جلد ہی تمام نالے صاف کردیں گے، شہر کی صفائی ستھرائی گو کہ کے ایم سی کا کام نہیں ہے لیکن ہم بڑی بڑی سڑکوں کی صفائی ستھرائی کا کام انجام دے رہے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ دورے پر میں خود نالوں کا دورہ کروں گا، میئر کراچی نے کہا کہ آپ آئندہ دورے پر آجائیں ہم دورے کے لئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے میئر کراچی کو کہا کہ ایک ماہ میں نالے صاف کریں، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام سڑکوں کی صفائی کا فریضہ وہ خود انجام دے رہے ہیں اور مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کے حوالے سے بھی بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا اور کے ایم سی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر سے بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، شہر میں ترقیاتی کام نظر آنا شروع ہوگئے ہیں جن میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پہلے سے بہتری آئی ہے اور ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے ۔