Live Updates

چاغی کے عوام ووٹ مانگنے والوں سے 15 سالوں کا حساب ضرور مانگیں،ملک امان اللہ نوتیزئی

سالوں تک عوام پر مسلط نمائندوں نے خود کچھ نہیں کیا دوسروں کے کاموں کا کریڈٹ اپنے کھاتے میں ڈالتے ہیں،رہنماء پی ٹی آئی چاغی

ہفتہ 9 جون 2018 17:44

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف چاغی کے ضلعی صدراور پی بی 34 چاغی کے امیدوار ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا ہے کہ چاغی کے عوام ووٹ مانگنے والوں سے 15 سالوں کا حساب ضرور مانگیں۔ انہوںنے کہا کہ 15 سالوں تک عوام پر مسلط نمائندوں نے خود کچھ نہیں کیا دوسروں کے کاموں کا کریڈٹ اپنے کھاتے میں ڈالتے ہیں۔

انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ 25 جولائی چاغی میں تبدیلی کا دن ہوگاجس کے بعد ایک نئے دور کا آغاز ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرنے کے بعد حامیوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے عوام نے دیکھ لیا کہ 15 سالوں تک اقتدار اور وزارتوں کے مزے لینے والوں کے پاس اپنی کاکردگی کے متعلق کہنے کو کچھ بچاہی نہیں بلکہ اب وہ دوسروں کے ترقیاتی کام اپنے کھاتے میں ڈال کر دروغ گوئی سے کام لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چاغی کے لوگ گواہ ہیں کہ میرے والد شہید عید محمد نوتیزئی نے یہاں بے شمار ترقیاتی کام کرائے جن میں قابل ذکر دالبندین ائرپورٹ کا قیام، سیندک پراجیکٹ پر کام شروع کرنا، دالبندین کے کلیوں کے لیئے حفاظتی بندات کی تعمیر، یک مچھ کو پانی کی فراہمی جبکہ اس کے علاوہ چاغی و نوشکی پر مشتمل طویل ضلعے میں بے شمار ایسے ترقیاتی کام ہیں جن کے آثار آج بھی نظر آتے ہیں اور چاغی و نوشکی کے لوگ اس بات کے گواہ ہیں۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد شہید عید محمد نوتیزئی کے نقش قدم اور پی ٹی آئی کے وژن پر عمل کرکے چاغی کی تعمیر نوکرکے عوام کا عزت نفس بحال کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات