کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا عمل جا ری ہے ،وسیم اختر

مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے،میئر کراچی

ہفتہ 9 جون 2018 17:45

کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا عمل جا ری ہے ،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا عمل جا ری ہے ، کلفٹن بلاک5- میں ساڑھے 6 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی تعمیر کو دو دن میں مکمل کرلیں گے جس سے ایس ٹی ۔22 ، ایس ٹی۔15 اور معین اختر پارک بلاک5- کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی جبکہ اورنگی ٹائون میں یوسی 28 ،شاہراہ قذافی کی تعمیر اور استرکاری کا کام آج شروع کردیا جائے گا، یہ بات انہوں نے بلاک5- کلفٹن میں تعمیر ہونے والی سڑک کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، محفوظ یار خان، عادل خان، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ گزشتہ دس سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کو درست کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جن ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے ان میں سڑکوں کی تعمیر، پارکوں کی تزئین و آرائش ، سیوریج لائنوں کی درستگی، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی شامل ہیں، سڑک کی تعمیر کے معائنہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات قریب ہیں اور ان انتخابات میں ہم بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے اور جیت کر شہر کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کراچی سے الیکشن لڑنے کا شوق رکھتے ہیں لیکن کراچی کے لوگ نہ صرف ان برساتی مینڈکوں کو جانتے ہیں بلکہ انتخابات کے بعد یہ ثابت کریں گے کہ کراچی کے اصل نمائندے کون ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں ہم پر متعدد بار مشکل وقت آیا ہے جس سے نہ صرف ہم کامیابی سے گزرے ہیں بلکہ تنظیمی حوالے سے موجودہ صورتحال میں کئی مشکلات ضرور ہیں لیکن ان کا بہتر حل ضرور نکلے گا، میئرکراچی نے کہا کہ بلدیاتی کام ہماری ذمہ داری ہے اس کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں اور ان کاموں کو تسلسل سے جاری رکھا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ہمارے کاموں کی تعریف کی ہے جو قابل اطمینان ہے، اس دورے کے دوران میئر کراچی سے بلاک5- اور کہکشاں بینگلوز کے رہائشیوں نے ملاقات کی اور سڑک کی تعمیر پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر میئر کراچی نے ایس ٹی۔

(جاری ہے)

22 آنٹی پارک میں لگے ہوئے درختوں کی کانٹ چھانٹ اور جوگنگ ٹریک کو بہتر کرنے کی ہدایت کی، بلاک5- کے رہائشیوں نے میئر کراچی سے کہا کہ وہ اس علاقے میں پارکوں کے ساتھ بچوں کے لئے کھیل کا میدان بھی بنا دیں تو یہ اس علاقے کے لئے آپ کی جانب سے ایک احسن اقدام ہوگا۔