کویت: نقل پکڑنے پر امتحانی نگران کا جبڑا توڑنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

واقعے کے بعد حملہ آور طالب علم کو فوری طور پر سکول سے خارج کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 جون 2018 17:58

کویت: نقل پکڑنے پر امتحانی نگران کا جبڑا توڑنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 9جُون 2018ء) کویت کے علاقے الاحمدی کے ایک سکول میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہے۔ یہ ویڈیو اس واقعے سے متعلق ہے جس میں سیکنڈری سکول کے امتحانات کے دوران امتحانی نگران نے طالب علم کو نقل کرتے دیکھ لیا جس پر وہ فوراً اس کے پاس گیا اور اس مذموم حرکت پر اُسے کچھ کہنے ہی والا تھا کہ بے شرم طالب علم نے نقل پر شرمندہ ہونے کی بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امتحانی نگران کو زور دار گھونسہ رسید کر ڈالا۔

گھونسہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی تاب نہ لاتے ہوئے ممتحن زمین پر گر پڑا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمرہ امتحان میں امتحانی نگران طالب علم کو نقل کرتے دیکھ لیتا ہے اورجونہی اُس کے قریب آتا ہے‘ طالب علم انتہائی غضبناک انداز میں اس پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ممتحن کے گِرنے کے فوراً بعد بھی طالب علم ٹیچر کی مزید ٹھُکائی کے ارادے سے اُس کی طرف بڑھتا ہے۔

مگر اس دوران امتحانی عملہ صورتِ حال کی سنجیدگی کو بھانپتے ہوئے طالب علم کو گھیرا ڈال کر پکڑ لیتا ہے اور اس کا غصّہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ ٹیچر گھونسہ کھانے کے تھوڑی دیر بعد فرش سے اُٹھتا ہے تو طالب علم مزید جارحیت کے ارادے سے اُس کی طرف بڑھنے کی کوشش کرتا ہے مگر امتحانی عملے کی مضبوط گرفت کے باعث اپنے ارادے میں ناکام رہتا ہے۔

اس واقعے کے بعد طالب علم کو امتحان دینے سے روک دِیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی۔ جبکہ زخمی ہونے والے ممتحن کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے خیال ظاہر کیا کہ مُکّے کی شدت سے اس کا جبڑا بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ حملہ آور طالب علم کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اسے سکول سے نکال دیا گیا ہے اور آئندہ کے لیے کویت کے کسی بھی سکول میں داخلہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :