ریاست کے عوام کی خدمت کا مشن ہر حال میں پورا کروں گا،راجہ محمد فاروق حیدر

ریاست کو با اختیار بنانے ، وسائل کے حصول کے بعد اب عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیح اول ہوگی ،تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں گی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،آزاد کشمیر کو ماڈرن اسٹیٹ بنانے کے خواب کی تعبیر ضرور ہوگی، وزیراعظم آزاد کشمیر کی مختلف وفو دسے گفتگو

ہفتہ 9 جون 2018 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست کے عوام کی خدمت کا مشن ہر حال میں پورا کروں گا۔ریاست کو با اختیار بنانے ، وسائل کے حصول کے بعد اب عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیح اول ہوگی جس کیلئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے،مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے صرف کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے عوام کو نشانہ بنائے جانے کے اقدامات پر ہمیں سخت تشویش ہے۔

(جاری ہے)

اللہ رب العزت نے اہل کشمیر کی خدمت کا موقع دیا ہے اس لئے میری حتی المقدور کوشش ہے کہ اپنے فرائض بھرپور طریقے سے ادا کروں۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاوس میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو ایک ماڈرن اسٹیٹ بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کی حکومت بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔انشاء اللہ آزاد کشمیر کو ماڈرن اسٹیٹ بنانے کے خواب کی تعبیر ضرور ہوگی۔ اللہ تبارک و تعالی کی نصرت و حمایت سے آئندہ بھی پاکستان کے اندر مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تعمیر وترقی کیلئے ستر سال تاریخ میں پہلی مرتبہ وافر مقدار میں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے گئے۔ 43سال کے بعد آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم 1992کے بعد وفاقی محصولات ، این ایف سی میں آزاد کشمیر کے حصہ میں اضافہ ، نیلم جہلم اور منگلا ڈیم کے واٹر یوزز چارجز اور دیگر صوبوں کے برابر کرنے پر عملی اور تاریخی پیش رفت ہوئی۔

انہوںنے کہاکہ قائدمسلم لیگ ن محمد نواز شریف،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سابق وزیر اعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے آزاد خطہ کی تعمیر وترقی ، آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کو بااختیار بنانے ، حکومت آزاد کشمیر کو باوقار بنانے ، دہائیوں سے زیر التواء آئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرنے کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا وہ ریاست کے عوام کو ہمیشہ یاد رہے گا۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے ٹھوس اور عملی اقدامات کے سلسلہ میں آزاد کشمیر سمیت ملک کے چھوٹے اور پسماندہ یونٹس کا احساس محرومی ختم ہوا۔ آزاد کشمیر کے معاملات میں بھرپور دلچسپی لینے پر خصوصا کشمیر کونسل کا معاملہ یکسو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔