کوئٹہ کے علاقے زرغون آباد فیز ون میںپانی کی قلت کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا

عوام سے فی پانی ٹینکر 1200سے 1500روپے وصول کیے جانے لگے

ہفتہ 9 جون 2018 18:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) کوئٹہ کے نواحی علاقے زرغون آباد فیز ون میں پانی کی قلت آب کا مسئلہ شدت اختیار کرگیاہے جس کے باعث علاقہ مکین ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر آچکے ہیں ،ان سے 1200سے 1500روپے تک فی ٹینکر قیمت وصول کی جارہی ہے ۔علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ انہیں پرائیویٹ ٹیوب ویلز کے ذریعے پانی کی فراہمی کی جاتی ہے جس کے عیوض وہ مذکورہ کمپنی کو 8سو روپے ماہانہ کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن اب کچھ عرصے سے انہیں پانی کی سپلائی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے زرغون آباد کے عوام کی گھریلو اور کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے ایک طرف پرائیویٹ ٹیوب ویلز مالکان فی کنکشن 8سو روپے ماہانہ وصول کررہے ہیں تو دوسری جانب صارفین کو پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی بلکہ لگ رہاہے جیسے ٹیوب ویلز مالکان اور واٹر ٹینکر مافیا آپس میں ملے ہوئے ہو علاقہ مکین پانی کی کمی کے باعث رمضان المبارک کے مہینے میں سخت مشکلات سے دوچار ہے بلکہ وہ ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر ہے ٹینکر مالکان علاقے میں پانی کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں سے فی ٹینکر 12سو سے 1500روپے تک وصول کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کاکہناہے کہ قریبی علاقے میں پانی نہیں اس لئے انہیں ہنہ سے پانی لاناپڑتاہے جس کے باعث ڈیزل کا خرچہ زیادہ ہوتاہے اور وہ مجبور ہوکر لوگوں کو 12سو روپے سے 15سو روپے تک پانی کے ٹینکرز فراہم کررہے ہیں علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ روزے کے دوران پانی کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں اقدامات اٹھائیں تاکہ وہاں کی عوام کو ذہنی کوفت اور پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے ۔