Live Updates

بلوچستان میںانتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا سلسلہ جاری، حلقہ این اے 265کوئٹہ II کیلئے 62امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے لیکن صرف 7ہی امیدواران کاغذات نامزدگی جمع کروائے

ہفتہ 9 جون 2018 18:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) ملک بھر کی طرح بلوچستان میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نامزد کیے گئے ریٹرنگ آفیسران سے سیاسی ،مذہبی ،قوم پرست جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،اگر چہ کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرنے میں اب صرف 2دن رہ گئے ہیں ،کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا عمل آج اتوار اور کل سوموار کو جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے آر اوز کے دفاتر سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواران کو کاغذات نامزدگی کے اجراء اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تک کوئٹہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہ II کیلئے 62امیدواران نے کاغذات نامزدگی وصول کئے جبکہ اب تک صرف 7ہی امیدواران جن میں نواب زادہ ہمایوں جوگیزئی ،نواب زادہ ارباب عمر فاروق کاسی ،شیر علی مروانی ،کامران حسین ودیگر شامل ہیں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں حلقہ این اے 265پر کاغذات نامزدگی وصول کرنے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے محمد قاسم خان سوری ،عوامی نیشنل پارٹی کے ارباب عمر فاروق کاسی ،یونس بلوچ ،ڈاکٹرعطاء الرحمن ،قاری عبدالولی فاروقی ،پرنس احمدعمر ،میر لیاقت لہڑی ودیگر شامل ہیں ۔

جبکہ حلقہ این اے 264 پر بھی درجنوں نامزد امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں جن میں سے اب تک صرف ایک ہی نامزد امیدوار لالا یوسف خلجی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے عجب خان نے بھی حلقہ این اے 264پر انتخابات میں کاغذات نامزدگی وصول کرلئے ہیں ۔اس کے علاوہ حلقہ این اے 266کوئٹہ III پر اب تک درجنوں امیدواران کاغذات نامزدگی حاصل کرچکے ہیں ۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کی 9حلقوں پر اب تک سینکڑوں امیدواران کاغذات نامزدگی وصول کرچکے ہیں جبکہ درجنوں نے کاغذات نامزدگی جمع بھی کرالئے ہیں کوئٹہ کے علاقے صوبے کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں بھی کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا سلسلہ ہفتے کے روز جاری رہا تاہم ابھی تک بعض جماعتوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کئے جاسکے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کی مدت میں صرف2دن باقی رہ گئے ہیں اس سے قبل 4جون سے 8جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا جس میں بعدازاں 11جون تک توسیع کی گئی آج بروز اتوار بھی کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کاسلسلہ جاری رہے گا جبکہ کل کاغذات نامزدگی کا وصول اور جمع کرانے کاآخری دن ہوگا۔

انتخابی فارمز کے اجراء اور داخل کرنے کے عمل کے شروع ہوتے ہی صوبے بھر میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو ملاہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے افطار ڈنرز ،پارٹیوں سمیت کارنر میٹنگ ،ہنگامی اجلاسوں ودیگر کا سلسلہ چل پڑاہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات