Live Updates

تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مزید ٹکٹ جاری کردیے

سیالکوٹ سے فردوس عاشق اعوان جبکہ شہریارآفریدی کوہاٹ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 جون 2018 18:45

تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مزید ٹکٹ جاری کردیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مزید ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔ سیالکوٹ سے فردوس عاشق اعوان جبکہ شہریارآفریدی کوہاٹ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔ اس دوران مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مزید ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔

جاری گئے ٹکٹس کے فیصلے کے مطابق سیالکوٹ سے فردوس عاشق اعوان جبکہ شہریارآفریدی کوہاٹ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے۔ جبکہ شوکت یوسفزئی شانگلہ سے الیکشن لڑیں گے۔ اس سے قبل جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 173 امیدواروں اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کی انتخابی فہرست جاری کر دی تھی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری انتخابی فہرست کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان کراچی، لاہور، اسلام آباد، بنوں اور میانوالی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان کراچی سے این اے 243، این اے 65 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی اور این اے 131 لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔علیم خان لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129، ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 125 لاہور اور اعجاز چوہدری این اے 131 لاہور سے انتخابی دنگل لڑیں گے۔شفقت محمود این اے 130 لاہور، اسد عمر این اے 54 اسلام آباد، شاہ محمود قریشی این اے 156 ملتان اور ان کے بیٹے زین قریشی این اے 157 ملتان سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک این اے 25 نوشہرہ اور سابق اسپیکر کے پی کے اسد قیصر این اے 18 صوابی سے انتخاب لڑیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری این اے 67 جہلم سے انتخابی معرکہ لڑیں گے جبکہ ابرار الحق این اے 78 نارووال اور عثمان ڈار این اے 73 سیالکوٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ڈاکٹر عارف علوی این اے 247 کراچی اور علی زیدی این اے 244 کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔

لیاقت علی جتوئی این اے 234 دادو اور سردار یار محمد رند این اے 260 نصیر آباد/جھل مگسی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے زیادہ تر حلقوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کر لیا ہے، یہ نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔انہوںنے کہاکہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں کیونکہ نئے پاکستان کی تعمیر کا خواب بڑا خواب ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کا پورا دھیان رکھتے ہوئے بہترین امیدوار میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔انہوںنے کہاکہ نئے پاکستان کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ہمارے ساتھ نکلیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات