20سال سے منجمدآکٹرائے ضلعی ٹیکس میں اضافہ کیا جائے، ریحان ہاشمی کا مطالبہ کا نگران وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ

ہفتہ 9 جون 2018 19:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ فضل الرحمن سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ 20برسوں سے ایک سطح پر منجمد آکٹرائے ضلعی ٹیکس ( OZT) میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ بلدیاتی ادارے اپنے فرائض اورعوام کی خدمت صحیح طور پر انجام دے سکیں۔ وہ بلدیہ وسطی کی مختلف مارکیٹوں کے دورے پر تجارتی مراکز کی انجمنوں کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے بتایاکہ بلدیاتی خدمات میں سب سے بڑی رکاوٹ فندز کی کمی ہے جس کا بڑا سبب یہ ہے کہ گزشتہ بیس برسوں سے حکومتِ سندھ نے ایک مقررہ رقم سے ایک پیسہ بھی نہیں بڑھایا۔ انہوں نے رمضان المبارک کے موقع پر بازاروں اور تجارتی مراکز میں صفائی کا معیار بہتر کی سطح پر رکھنے کے لئے مارکیٹ یونین کے کردار کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر تمام دکاندار اپنا کوڑا کرکٹ مقررہ مقام پر ڈسٹ بن میں ڈالیں اور گاہکوں کو بھی اس بات کا پابند کریں کہ وہ شاپرز اور دیگر کوڑا ڈسٹ بن میں ڈالیں تو بلدیاتی سینیٹری ورکرز کو کوڑا کرکٹ اٴْٹھانے میں آسانی ہوگی اور بازاروں میں صفائی نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

اور صاف ستھرا ماحول زیادہ گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔مارکیٹوں کے اطراف پارکنگ کے حوالے سے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گاڑیاں پارکنگ کے لئے مقررہ مقام پر صحیح طور پر پارک کریں تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کا خلل نہ پڑے۔ اس موقع پر تاجروں کی انجمن کے عہدیداروں نے تاجروں کے مسائل سے چیئرمین ریحان ہاشمی کو آگاہ کیا۔ ریحان ہاشمی نے انکے مسائل بغور سٴْنے اور انکے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔