ْنگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری کے خلاف (ن) لیگ کا پراپیگنڈہ،غیر اخلاقی ہے‘ خرم نواز گنڈا پور

پنکچر لگنے کی سہولت ختم ہونے پر پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے‘ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

ہفتہ 9 جون 2018 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کر کے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی حرکت کی،ساری زندگی سیاست میں بسر کرنیوالے سیاسی ،جمہوری اخلاقیات کی الف ب بھی نہ سمجھ سکے،حسن عسکری پڑھے لکھے شخص ہیں ان کے خلاف ن لیگی مہم قابل مذمت ہے،(ن) لیگ کے واویلے سے لگ رہا ہے کہ پنکچر لگنے کی سہوت ملنے کی ان کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔

انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری کی طرف سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ استعمال نہ کرنے اور غیر ضروری پروٹوکول نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکنا ہی اصل حب الوطنی اور گڈ گورننس ہے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عید الفطر کے بعد آئندہ انتخابات کی حکمت عملی کا اعلان کرینگے۔ہمارے لوگ از خود قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوںمیںکا غذات جمع کروا رہے ہیں جب ٹکٹ کے اجراء کا مرحلہ آئے گا تو حتمی اعلان کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کاغذات کی سکروٹنی کے عمل کو جتنا وقت درکار ہے نہیں دیا جا رہا ،اس مختصر وقت میں امیدوار کی اہلیت جاننا اور اس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی صداقت کو پرکھنا نا ممکن ہے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ہر قسم کی دھاندلی اور دبائو سے آزاد ماحول میں رائے دینے کا حق دیا جائے۔

دھن،دھونس،دھاندلی سے اسمبلیوں میں جانے والے ملک و قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ شریف برادران جھوٹے ہیں،لوڈ شیڈنگ جوں کی توں ہے،روزہ دار شدید گرمی میں مجبور ہو کر عبادت کی بجائے مظاہرے کر رہے ہیں۔اشرافیہ کو انکے جھوٹوں اور مخلوق خدا کو تنگ کرنے کی بھی سزا ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت لوڈشیڈنگ کے پس پردہ حقائق کو عوام کے سامنے رکھے اور اس بات کی تحقیق کی بجائے کھربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیوں نہیں ہوا ذمہ داروں کو پھانسیاں ملنی چاہئیں۔