سرگودھا، ہلال احمر ایک انٹر نیشنل خیراتی ادارہ ہے جو دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے،ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ

ہفتہ 9 جون 2018 20:35

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ہلال احمر ایک انٹر نیشنل خیراتی ادارہ ہے جو دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ ضلع سرگودہا میں ہلال احمر ادارہ کارکو مزید وسیع کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس پر وگرام کے تحت سرگودہامیں عید گاہ روڈ پر چار منزلہ ڈسپنسری کی تعمیر کے علاوہ سٹیلائٹ ٹاؤن ‘ محمدی کالونی ‘ جناح کالونی اور چک نمبر 84 شمالی کے علاوہ دیگر پراجیکٹ پر کام شروع کیا جارہاہے ۔

وہ آج انجمن ہلال احمر ضلعی برانچ کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ہلال احمر محمد عرفان بٹ ‘ اسسٹنٹ سیکرٹری لیاقت علی وڑائچ ‘میئر میونسپل کارپوریشن ملک اسلم نوید ‘ اسسٹنٹ کمشنر عدنان شہزاد ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری ‘ڈاکٹر سکندر وڑائچ ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق الرحمان نیازی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران ‘ حاجی عبدالرحمان چدھڑ ‘ ملک مظہر احمد ‘ ملک مظہر اعوان ‘ ملک خضر حیات اعوان ‘ ڈاکٹر بشارت جاوید ‘ میاں اظہار الحق ‘ شاکر نوید‘اعجاز اقبال ایڈووکیٹ اوردیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس اعزم کا اظہار کیاکہ اس ادارہ کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں ادارہ کو سیاسی مداخلت سے ہر طرح پاک رکھنے کا فیصلہ کیاگیا تاکہ تمام امور میرٹ اور انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ سرانجام پاسکیں۔ اجلاس میںکرپٹ اور کام چور ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کافیصلہ بھی کیاگیا جبکہ ادارہ میں دیگر بے ضابطگیوں کے خلاف سی ای او ہیلتھ ‘ ڈاکٹر سکندر وڑائچ اور ملک اعجاز اقبال ایڈؤوکیٹ پر مشتمل ایک ڈسپلن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔

اسی طرح ادارہ کا آڈٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیاہے ۔اجلاس میں ادارہ کو غلط ادویات فراہم کرنے والے کنٹریکٹر کو نوٹس دے کر نیا کنٹریکٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا جبکہ ڈاکٹرز پیکج چالیس ہزار روپے مقرر کر دیاگیاہے ۔ اجلاس میں چھ یونٹ پر مشتمل ماڈل ڈائلسز یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیاگیا جس کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈلائن دے دی گئی ہے ۔ اجلاس میں دکانوں کی تعمیر کا کام بلاتاخیر شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔

اجلاس میں عید گاہ روڈ پر چار منزلہ نئی ڈسپنسری کی تعمیرکے علاوہ جناح کالونی ‘محمدی کالونی اور چک نمبر 84شمالی کے علاوہ سٹیلائٹ ٹاؤن میں ڈسپنسری کے قیام کیلئے اقدامات کافیصلہ کیاگیا ۔ اجلاس میں رجسٹری ‘ مختار نامے وغیرہ میںہلال احمر فیس کی لازمی وصولی کے علاوہ پرائیویٹ سکول ‘کالجز میںہلال احمر کے عطیات کیلئے ٹکٹس کی فروخت سے بھی اتفاق کیاگیا ۔

اجلاس میں لکسیاں ہلال احمر ڈسپنسری میںڈاکٹر کی تعیناتی کے علاوہ دیگر معاملات زیر غو رآئے ۔اجلاس میںہلال احمر کے دائر ہ کار میںتوسیع کیلئے اس امر کابھی فیصلہ کیاگیا کہ اگر کوئی شخص اپنے والدین کے نام پر کوئی ڈسپنسری وغیرہ تعمیر کرنا چاہیے تو ضلعی انتظامیہ سرکاری اراضی کی فراہمی کیلئے تعاون کرے گی ۔اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیاگیا کہ ہلال احمر کی نئی انتظامیہ کے آنے پر ادارے کی کارکردگی میںنمایاں بہتری آئے گی۔