کراچی کے عوام اسلام کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں،شہر میں شعائر اسلام میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، راشد نسیم

ہفتہ 9 جون 2018 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے جامع مسجد الحرمین محمود آباد کراچی میں شب بیداری اور جامع مسجد شرقی کراچی میں ختم قرآن کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کے عوام اسلام کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں ۔ کراچی میں شعائر اسلام میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ منی پاکستان کراچی میں حفاظ کی تعداد ، پردہ ، قربانی ، حج ، اعتکاف اور افطار پروگراموںکی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام کی محبت کراچی والوں کی گھٹی میں شامل ہے اگر وہ دینی جماعتوں کے امیدواروں کو منتخب کرلیں تو ان کے سارے خواب پورے ہوسکتے ہیں ۔راشد نسیم نے کہاکہ کراچی کے عوام نے ہمیشہ دین اور مذہب کو ہر چیز پر مقدم رکھاہے اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ دیندار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ اس شرمندگی سے بچ سکیں جو بددیانت لوگوں کے اقتدار میں آنے سے ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے قوم کو ایک نعمت سے نوازا ہے اب اس انعام کی قدر کرنااور دینی جماعتوں کا ساتھ دینا عوام کا کام ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دینی جماعتیں اقتدار میں آئیں گی تو ملک میں اسلام کا بول بالا ہوگا اور نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی منزل قریب آئے گی ۔