Live Updates

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف کا ایک اور یوٹرن،این اے 59 سے اجمل صابر کو ٹکٹ جاری

سروے کے نتائج کو ٹکٹ نہ دینے کی وجہ بتا کر ٹکٹ روکا بعد میں اجمل صابر سے ملاقات کے بعد ٹکٹ جاری کر دیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 9 جون 2018 21:07

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف کا ایک اور یوٹرن،این اے 59 سے ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 09 جون 2018ء) :ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف کا ایک اور یوٹرن،این اے 59 سے اجمل صابر کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ سروے کے نتائج کو ٹکٹ نہ دینے کی وجہ بتا کر ٹکٹ روکا بعد میں اجمل صابر سے ملاقات کے بعد ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔اجمل صابر کے حامیوں نے بنی گالہ کے سامنے احتجاج ختم کر دیا۔تفصیلات کے پاکستان کے حالیہ سیاسی منظر نامے میں پاکستان تحریک انصاف کو ایک تگڑی سیاسی پارٹی تسلیم کیا جارہا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف نے بہت سے ایسے نئے ٹرینڈز پاکستانی سیاست میں متعارف کروائے ہیں جنکا مکمل کریڈٹ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور انکی پارٹی کو جاتا ہے۔جہاں پاکستان کے حالیہ سیاسی منظر نامے میں بہت سی اصلاحات کا سہرا تحریک انصاف کے سر جاتا ہے وہیں ایک سیاسی کمزوری بھی تحریک انصاف کی پہچان بن چکی ہے اور وہ ہے یوٹرن یعنی فیصلہ کر کے واپس لے لینا ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ عرصے میں اتنے یوٹرن لے لئیے کہ مخالفین نے تحریک انصاف کا نام یوٹرن پارٹی اور عمران خان کا نام یوٹرن خان رکھ دیا ہے ۔بسا اوقات لئیے جانے والے یوٹرن کی وجہ سے پارٹی اور پارٹی کارکنان کو خاصی خفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔حالیہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا معاملہ بھی اسکی تازہ ترین مثال ہے جہاں تحریک انصاف نے پہلے ناصر سعید کھوسہ کا نام حکومت کے ساتھ مل کر فائنل کر لیا اور اگلے ہی روز نام واپس لے لیا جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کو خاصی شرمندگی اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اب جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کے طول و عرض میں اپنے انتخابی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ایسے موقع پر تحریک انصاف نے یوٹرن کی روایت نہیں چھوڑی۔پہلے اجمل صابر راجہ کو ٹکٹ دینے سے انکار کیا اور آج شام ٹکٹ جاری کر دیا۔کل جب ٹکٹوں کا اعلان کیا گیا تھا تو اس میں اجمل صابر راجہ کو این اے 59 سے ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اجل صابر راجہ اور انکے حامیوں نے بنی گالہ کا گھیراو کیا اور اس معاملے پر سخت احتجاج کیا جس کے بعد اجمل صابر نے عمران خان سے ملاقات کی اور ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ پوچھی تو چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کے علاقے میں سروے کروایا تھا جس میں نتائج آپ کے حق میں نہیں اس پر اجمل صابر راجہ کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں جعلی سروے کروایا گیا ،عوام کی اکثریت میرے حق میں ہے۔

اس ملاقات کے بعد عمران خان نے اجمل صابر راجہ کو این اے 59 سے تحریک انصاف کا ٹکٹ دے دیا جس کے بعد اجمل صابر کے حامیوں نے بنی گالہ سے دھرنا اٹھا لیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات