وفاقی دارالحکومت میں فٹبال کی ترقی کے کھلاڑیوں کو بھر پور محنت اور ڈسپلن کی پابندی کرنی ہوگی ، طارق چوہدری

عید الفطر کے بعد جناج کلب کی تنظیم نو کی جائے گی جس میں نئے عہدیداروں کو بھی شامل کیا جائے گا‘صدر جناح فٹ بال کلب

اتوار 10 جون 2018 11:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے رکن اور جناح فٹ بال کلب کے صدر طارق محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کی ترقی کے کھلاڑیوں کو بھر پور محنت اور ڈسپلن کی پابندی کرنی ہوگی اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کوبھی نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح فٹ بال کلب کے سینئر نائب صدر عابد حسین کی جانب سے ایک مقامی ہوٹل میں جناح فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا، افطار ڈنر میں الفیصل فٹ بال کلب کے صدر محمد شدیر کے علاوہ جناح کلب کے کھلاڑیوں کی کیثر تعداد نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہمیشہ اپنی جسمانی فٹنس پرتوجہ دینی چاہئے اور متحد ہو کر جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے، انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے اپیل کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں نوجوانوں کو صحتمند سرگرمیاں فراہم کرنے کے لئے ہر سیکٹر میں کم ازکم ایک گرائونڈ بنایا جائے طارق چوہدری نے کہا کہ عید الفطر کے بعد جناج کلب کی تنظیم نو کی جائے گی جس میں نئے عہدیداروں کو بھی شامل کیا جائے گا، الفیصل فٹ بال کلب کے صدر محمد شدیر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھیل کے میدان میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک میں گراس روٹ سطح پر اکیڈمیز کا قیام بہت ضروری ہے اورصحت مند سرگرمیوں کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ فٹ بال کلبوں کے عہدیداروں کو متحد ہو کر فٹ بال کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہئے، آخر پر کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے جناح فٹ بال کلب سینئر نائب عابد حسین کا کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر پر شکریہ ادا کیا۔