تنازعہ کشمیر کوبا معنی اور نتیجہ خیز مذکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے‘ زمرودہ حبیب

کشمیر تحریک خواتین ایک منظم پلیٹ فارم ہے جہاں سے کشمیری خواتین سیاسی ا ور سماجی طور پراپنے وطن کی خدمت اور تنازعہ کشمیرکے حل میںاپنا اہم کردار ادا کرسکتی ہیں

اتوار 10 جون 2018 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر کوبا معنی اور نتیجہ خیز مذکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق زمردہ حبیب نے سرینگر میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے بھارتی حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو ابھی تک کہیں نظر نہیں آرہی۔

انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کشمیری خواتین کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں ان کو بھی اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے کہا کہ کشمیر تحریک خواتین ایک منظم پلیٹ فارم ہے جہاں سے کشمیری خواتین سیاسی ا ور سماجی طور پراپنے وطن کی خدمت اور تنازعہ کشمیرکے حل میںاپنا اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

زمردہ حبیب نے کہا کہ تحریک کشمیر خواتین ایک ایسے معاشرے کے لیے بھی مصروف جد و جہد ہے جہاں خواتین کو عزت ا ور آزادی کے ساتھ جینے کا پورا حق حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو مخدوش بنانے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑرہی ہے لیکن کشمیری خواتین کو اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے انکی صحیح تربیت کرنا ہوگا ۔ اجلاس میں کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک پٴْر امن جد و جہد جاری رکھی جائے گی۔