کوائنٹیکو‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر امریکی چینل نے معافی مانگ لی

اداکارہ پریانکا چوپڑا اس شو میں ایف بی آئی ایجنٹ کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں ،ْ رپورٹ پریانکا کا سیریز کی کہانی میں کوئی عمل دخل نہیں، ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا ،ْ ٹی وی انتظامیہ

اتوار 10 جون 2018 13:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) امریکی ٹیلی ویژن اے بی سی نے اپنے ٹی وی سیریز ’کوائنٹیکو‘ کی ایک قسط کے باعث بھارتی مداحوں سے معافی مانگ لی جس میں بھارتیوں کو دہشت گرد کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اس شو میں ایف بی آئی ایجنٹ کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔خیال رہے کہ رواں ماہ پریانکا چوپڑا کو سوشل میڈیا پر اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب اس شو کے تیسرے سیزن کی ایک قسط ٹی وی پر نشر ہوئی۔

اس قسط میں چند بھارتی کرداروں کو امریکا کے ایک شہر میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھایا گیا ،ْجو اپنے حملے کا ذمہ دار بعدازاں پاکستان کو ٹھہرانے کا منصوبہ بھی کررہے ہیں۔شو میں دکھایا گیا کہ اداکارہ اپنی ایف بی آئی ٹیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو ناکام بنا دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

اے بی سی اسٹوڈیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس قسط پر لوگوں نے اپنے جذبات کا خوب اظہار کیا اور سب سے زیادہ تنقید پریانکا پر کی گئی، جنہوں نے نہ تو اس شو کی کہانی تحریر کی اور نہ ہی اس کی ہدایات دی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پریانکا کا سیریز کی کہانی میں کوئی عمل دخل نہیں، ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا۔خیال رہے کہ کوائنٹیکو کا پہلا سیزن 2015 میں نشر ہوا جس کے بعد اب تک اس کے تین سیزنز سامنے آچکے ہیں ،ْاس شو کیلئے بالی وڈ اداکارہ کو دو مرتبہ پیپلز چوائس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔