نگراں وزیراعظم، وزراء اعلیٰ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام

نگراں حکومت میں شامل ہونے والے تمام ارکان اپنی اہلیہ اور بچوں کے اثاثوں سے متعلق بھی آگاہ کریں گے ،ْ حکام الیکشن کمیشن

اتوار 10 جون 2018 14:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) وفاقی اور صوبائی نگراں حکومت کے قلمدان سنبھالنے والی شخصیات نے تاحال الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع نہیں کروائیں۔واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت نگراں وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ارکان عہدہ سنبھالنے کے بعد 3 روز کے اندر اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیلات جمع کرانے کے پابند ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق ای سی پی کے حکام نے بتایا کہ نگراں حکومت میں شامل ہونے والے تمام ارکان اپنی اہلیہ اور بچوں کے اثاثوں سے متعلق بھی آگاہ کریں گے۔نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے یکم جون کو وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا اور انہیں 4 جون تک اپنے، اپنی اہلیہ اور بچوں کے اثاثوں سے متعلق ساری معلومات ای سی پی میں جمع کرانی تھی تاہم مذکورہ تاریخ گزر جانے کے ایک ہفتے بعد بھی الیکشن ایکٹ کی پاسداری نہیں کی گئی۔ای سی پی حکام کا کہنا تھا کہ ان کی کابینہ کے 6 لوگوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات پیش کر دی ہیں۔