شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹ کیلئے نواز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ کو انٹرویودیا

آ پ نے اپنے خون پسینے سے پارٹی کو سینچا ہے ،جو بھی فیصلہ ہوگا مجھے قبول ہوگا‘ شہباز شریف

اتوار 10 جون 2018 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹ کیلئے پارٹی کے تاحیات قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ کو انٹرویو دیا۔ اس موقع پر پارلیمانی بورڈ کے اراکین نے شہباز شریف سے ان کی بطور رکن پنجاب اسمبلی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سوالات کئے جن کا شہباز شریف نے بڑے مدلل انداز میں جواب دیا ۔

شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں اور ہم سب پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں، پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی مجھے قبول ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خون اور پسینے سے پارٹی کو سینچا ہے اور پورے پاکستان میں پارٹی کو متعارف کرایا ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی بورڈ کے سامنے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اجازت سے سندھ میں جلسے کئے ہیں وہاں پر سوائے لوٹ مار کے کچھ نظر نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

وہاں کے عوام بر ملا کہتے ہیں کہ نواز شریف نے کراچی میں امن اور روشنیوں کوبحال کیا ہے ۔ آ پ نے اور میں نے خیبر پختوانخواہ کے دورے بھی کئے ہیں وہاں کی صورتحال بھی آپ کے سامنے عیاں ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے سامنے انٹر ویو کیلئے پیش ہو کر جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا مجھے قبول ہوگا۔