دینی،سماجی و سیاسی حلقوں کا مرکزی سیرت کمیٹی کو جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں نماز جمعہ کے انعقاد پر خراج تحسین

مسجد نبوی شریف کی طرزپرتعمیرہونیوالی جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں نماز جمعہ کا انعقاد عوام کی ضرورت تھی‘کمیٹی نے احسن اقدام اٹھایا

اتوار 10 جون 2018 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2018ء) دارالحکومت کے دینی،سماجی و سیاسی حلقوں نے مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے مسجد نبوی شریف کی طرزپرتعمیرہونیوالی جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں نماز جمعہ کے کامیاب انعقاد پر مرکزی سیرت کمیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مسجد نبوی میں نماز کی ادائیگی ہر مسلمان کی خواہش ہے اور مظفرآباد کے شہری مسجد نبوی شریف کی طرزپرتعمیرہونے والی جامع مسجد میں نماز جمعہ اداکرکے دلی سکون اور عجب روحانی کیف حاصل کررہے ہیں۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے ذمہ داران کو نماز جمعہ کے انعقاد کا فیصلہ کرنے پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے علامہ پیرسیدنیازحسین گیلانی،خادم حسین قریشی،غلام مرتضی مغل،میرنزیراحمد چشتی،علامہ غلام مرتضیٰ ذوق امیرمرکزی جماعت اہلسنت پٹہکہ،سید شبیرحسین کاظمی صدرتنظیم اہلسنت،بیدارحسین اعوان،قاری محمدارشد،قاضی مجیب احمد،ڈاکٹر محمدرفیق چغتائی،محمدشبیر قادری عطاری،محمدفیصل، ساجد عزیزجنجوعہ ودیگر نے کہاکہ ہم مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآبادکے جملہ کارکنان اور باالخصوص صاحبزادہ پیر محمد سلیم چشتی صدر مرکزی سیرت کمیٹی ، عتیق احمد کیانی سیکرٹری جنرل، علامہ پرویز قریشی صاحب سینئر ناہب صدر ، اور دیگرذمہ داران کو مرکزی عیدگاہ شریف میں باقاعدہ نماز جمعہ کے آغا ز اور میجر ریٹایرڈ قاضی شبیر احمد(آستانہ عالیہ قطبیہ لنگر شریف) کو خطیب مقرر کرنے پر دل کی اتھا گہراہیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں اللہ پاک آپ کی ان کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور دارین میں اس کا اجر کثیر عطا فرمائے، آمین۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مرکزی عیدگاہ میں نمازجمعة المبارک کاآغاز نیک شگون ثابت ہو گا،کیونکہ شہر میں بڑی مسجد کی اشد ضرورت تھی اور مرکزی سیرت کمیٹی نے ماضی میں بھی ہمیشہ معاشرے کی بہتری،اصلاح احوال کے لئے قائدانہ و ذمہ دارانہ کرداراداکیا ہے اور اس ماہ صیام کے موقع پر بھی عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی عیدگاہ میں نما جمعہ کا اہتما م کرکے جو اقدام اٹھایا ہے وہ لائق صد تحسین ہے۔

انہوںنے کہاکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے ٹھیک 1:30بجے کا ٹائم بھی بالکل مناسب رکھا گیا ہے جس میں ہر شخص آسانی کے ساتھ شریک ہو سکتا ہے۔انہوںنے مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر ،جنرل سیکرٹری و دیگر عہدیداران کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوںنے کہاکہ بلا شبہہ مرکزی سیرت کمیٹی نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میںنمازیوں کی سہولت کیلئے نامساعد حالات کے باوجود بہترین انتظامات کئے ہیں اور نمازیوں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مظفرآباد میںجمعة المبارک کے موقع پر شہرکی تمام مساجد نمازیوں سے بھری ہوتی ہیں اورشہریوں کو مساجد میں جگہ نہیں ملتی جس کی وجہ سے وہ شدید ترین موسم میں گھروں کی چھتوں اور سڑکوں پر نماز پڑھتے ہوئے نظرآتے ہیں ایسے حالات میں مرکزی سیرت کمیٹی نے شہر کی سب سے بڑی مسجد میں نمازیوں کی مشکلات اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے نمازجمعہ کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے جو انتہائی احسن اقدام اور لائق تحسین فیصلہ ہے۔

متعلقہ عنوان :