چیف جسٹس کا فائونٹین ہائوس کا دورہ ، مریضوں کو علاج معالجے سمیت دیگر فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا

جسٹس ثاقب نثار نے مریضوں سے بھی گفتگو کی ،عید پر بھی آنے کا وعدہ ،ادارے کیلئے ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان

اتوار 10 جون 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے فائونٹین ہائوس کا دورہ کرکے زیر علاج مریضوں کو علاج معالجے سمیت دیگر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسز کی سماعت کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار فائونٹین ہائوس پہنچے جہاں انہیں انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے فائونٹین ہائوس کے کچن کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر چیف جسٹس نے زیر علاج مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ مریضوں نے شکوہ کیا کہ ان کے گھر والے انہیں لینے نہیں آتے جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ جن مریضوں کی ذہنی حالت ٹھیک ہے انکے اہل خانہ سے رابطہ کیا جائے ۔ چیف جسٹس کا اس موقع پر کہنا تھاکہ زیر علاج مریضوں کو یہاں کوئی شکایت نہیں لیکن یہ لوگ گھر جانا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر ادارے کیلئے ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا ۔