ایکسئن شاہرات کا اہل کوٹلی کو سرپرائز‘گلہار سے لاری اڈہ تک شہر کی سڑک پر کام کا آغاز

محکمہ کے آفیسران عید سے قبل اہم شاہراہ کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم

اتوار 10 جون 2018 15:50

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2018ء) ایکسئن شاہرات کا اہل کوٹلی کو سرپرائز،گلہار سے لاری اڈہ تک شہر کی سڑک پر کام کا آغاز کردیا۔محکمہ کے آفیسران عید سے قبل اہم شاہراہ کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم، ایکسئن شاہرات اجمل مصطفی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے حکم پر سڑک کی تعمیر شروع کی ہے۔ تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ اتوار کے روز درس شریف گلہار کے قریب سے سڑک کی پختگی کا کام دیکھ کر کوٹلی کے لوگ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے،سڑک کی تعمیر کے لیے اچانک کام کا آغاز کیا جانا میڈیا کے لیے بھی سرپرائز تھا۔

جب صدرایوان صحافت زاہدآصف سلطان،سابق جنرل سیکرٹری سیدواجدرب،فوٹوجرنلسٹ منظربشیراورمیڈیا ٹیم موقع پر پہنچی تو ایکسئن شاہرات کوٹلی سردار اجمل مصطفی اور ایس ڈی او محکمہ شاہرات کوٹلی اشفاق احمد کنٹریکٹرتجمل عباسی اپنی نگرانی میں کام کروا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ایکسئن شاہرات اجمل مصطفی سے جب میڈیا نمائندگان نے اچانک کام شروع کرنے کی وجہ پوچھی تو اُنھوں نے بتایا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے حالیہ دورہ کوٹلی کے دوران حکم دیا تھا کہ شہر کی اس سڑک پر فوری کام کا آغاز کیا جائے۔

اُنھوں نے بتایا کہ عید کے بعد اس سڑک پر کام کرنا تھا مگر وزیراعظم کی ہدائت پر ہم نے ٹھیکیدار مختار عباسی سے درخواست کی جو نہ صرف اُنھوں نے منظور کرلی بلکہ فوری طور پر سڑک کی تعمیر بھی شروع کردی۔اجمل مصطفی کا کہنا تھا کہ عید سے قبل لاری اڈہ تک ہم اس سڑک کی تعمیر مکمل کرلیں گے۔اُنھوں نے یہ بتایا کہ لاری اڈہ کوٹلی سے گل پور تک اس سڑک کی تعمیر کے لیے ٹینڈر ہوچکے ہیں ، ٹھیکیدار مختار عباسی کی فرم کے پاس ٹھیکہ ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ کوٹلی شہر سے گل پور تک کی یہ سڑک جلد از جلد اور معیاری کام کے ساتھ عید کے بعد مکمل کر لی جائے گی۔

واضح رہے کہ کوٹلی شہر کی یہ سڑک سردار سکندر حیات کے آخری دور اقتدار میں تعمیر کی گئی تھی اور اب کافی عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی،ماضی میں بھی بہت بار مطالبہ سامنے آیا مگر اس سڑک کی تعمیر نہ ہوسکی جس کے باعث شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا تھا۔ مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں دیگر شاہرات کی اس اہم سڑک کی تعمیر کا ٹینڈر بھی ہوگیا تھا اور یہ اُمید بھر آئی تھی کہ جلد ہی کام شروع ہوجائے گا مگر یہ کسی کو اُمید نہ تھی کہ شہر کی اندرونی سڑک عید سے پہلے ہی مکمل ہو جائے گی۔