حالیہ طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کی وجہ سے چہلہ بانڈی میں مقیم کشمیری مہاجرین کی خیمہ بستیاں تباہ

بے شمار شیلٹرز اور خیمے ہوا میں اڑ گئے‘ مہاجرین مقبوضہ کشمیر کا لاکھوں کا نقصان

اتوار 10 جون 2018 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2018ء) حالیہ طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کی وجہ سے چہلہ بانڈی میں مقیم کشمیری مہاجرین کی خیمہ بستیاں تباہ، بے شمار شیلٹرز اور خیمے ہوا میں اڑ گئے ، مہاجرین مقبوضہ کشمیر کا لاکھوں کا نقصان ،اشیاء خوردنوش بارش کے پانی کی وجہ سے تباہ، مہاجرین کی روزے کی حالت میں حکومت کو بددعائیں، اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز طوفانی آندھی چلنے کی وجہ سے چہلہ بانڈی میں مقیم مہاجرین کیمپ اشتیاق شہید عابد شہید اور نسیم شہید کے سیکڑوں خاندان بے یارومددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور، حالات سے تنگ مہاجرین نے سر چھپانے کیلئے ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹائون کا رخ کیا تھا مگر ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے مہاجرین کو واپس چہلہ بانڈی بوسیدہ خیموں اور شیلٹرز میں دھکیل دیا مہاجرین کو تاحال معاوضہ بھی نہیں دیا گیا، دو ماہ گزرنے کے باوجود مقدس ماہ میں گزارہ الائونس میں بھی تاخیر کی گئی، سحری و افطاری کے اوقات مہاجرین کی حکومت کو بد دعائیں، مہاجرین کسی مسیحا کے منتظر، فریاد کس سے کریں، 27 سالوں سے بربادی کی طرف جا رہے ہیں مہاجرین کے نام پر ارب ممالک سے اربوں روپے بٹورنے کے باوجود ان کی حالت بہتر نہیں ہو سکی، مہاجرین کے مطابق ،بارشوں اور تیز ہوائوں میں ہر سال لاکھوں کا نقصان ہوتا ہے کوئی معاوضہ جات نہیں دیے جاتے ،نوجوان اور خواتین کی اکثریت نفسیاتی امراض میں مبتلا ہے ،حکومت پاکستان و آزاد کشمیر نے مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے مہاجرین کے مطابق سازش کے تحت نسل تباہ کی جا رہی ہے