ٹرمپ سے تاریخی ملاقات کل ہوگی ،کم جونگ اُن خصوصی طیارے میں سنگاپور پہنچ گئے

دونوں رہنماء جزیرے پروہ جگہ بھی دیکھیں گے جہاں جاپانی فوج نے ہزاروں لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے ہلاک کیا

اتوار 10 جون 2018 16:40

ٹرمپ سے تاریخی ملاقات کل ہوگی ،کم جونگ اُن خصوصی طیارے میں سنگاپور ..
․سنگاپور سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنی مجوزہ ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ گئے ۔ان دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تاریخی ملاقات سینٹوسا جزیرے پر منگل کو ہو گی۔یہ پہلا موقع ہے جب شمالی کوریا کے رہنما کسی برسرایِ اقتدار امریکی صدر سے مل رہے ہیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشن نے ایک تصویر ٹویٹ کی جس میں وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا سنگاپور کے ہوائی اڈے پر استقابل کر رہے ہیں۔

اس سے قبل سنگاپور کے اخبار نے بتایاکہ شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ سے اتوار کو تین جہازوں نے پرواز کی۔ ایک کارگو جہاز تھا جو علی الصبح اڑا، اس کے بعد ایک چینی جہاز اور پھر کم جونگ ان کا ذاتی جہاز اڑا۔

(جاری ہے)

ان دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تاریخی ملاقات سینٹوسا جزیرے پر منگل کو ہو گی۔سینٹوسا ان 63 جزیروں میں سے ایک ہے جو مل کر سنگاپور بناتے ہیں۔

پانچ سو ہیکٹر پر پھیلا ہوا یہ جزیرہ سنگاپور کے مرکزی حصہ سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔ اس جزیرے کا ایک ماضی بھی ہے۔ ماضی میں یہ پائیریسی اور دوسری جنگ عظیم میں جاپانی فوجیوں کے ہاتھوں ہزاروں افراد کے قتل کے لیے بھی مشہور ہے۔جب جاپانی افواج نے 1942 میں برطانوی افواج کو سنگاپور میں شکست دی اس کے بعد جاپانی فوج نے ہزاروں' جاپان مخالف چینیوں کو قتل کیا۔ سینٹوسا بھی ان مقامات میں سے ایک ہے جہاں جاپانی فوج نے ہزاروں لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے ہلاک کیا۔صدر ٹرمپ اور شمالی کے رہنما جس ہوٹل میں ملاقات کریں گے وہ وہاں سے اس ساحل سمندر کو دیکھ سکیں گے جہاں جاپانی فوجیوں کی سٹین گنوں نے ہزاروں لوگوں کو بھون ڈالا تھا۔