مٹھائی کے نام پر موت بانٹنے والے عناصر کے خلاف کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کا میگا آپریشن

اتوار 10 جون 2018 17:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہر قائد میں زہر آلود مٹھائیاں بنانے والی غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مالکان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق مٹھائی کے نام پر موت بانٹنے والے عناصر کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی سرگرم ہوگئی ہے، کراچی کے علاقے کورنگی کی کچی آبادیوں میں سوئیٹس اینڈ بیکرز کی تین غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مالکان کو گرفتار کر لیا۔

اس ضمن میں ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ابرار شیخ نے بتایاکہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع اور ریکی کے بعد کورنگی ڈیڑھ اور کورنگی ڈھائی نمبر میں غیر قانونی فیکٹریوں پر چھاپے مارے، فیکٹریاں طویل عرصہ سے زہر آلود مٹھائیاں اور بیکری آئٹمز تیار اور فروخت کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھاپے کے نتیجے میں رنگ کا مضر صحت فوڈ کلر، اور زنگ آلود اشیا برآمد کی گئیں جبکہ چھاپے کے دوران کراچی سوئیٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایاکہ اس چھاپے کے دروان فیکٹری مالکان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو تھانہ کورنگی کے حوالے کیا گیا ہے۔ڈاکٹر ابرار شیخ نے کہاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی، تاجر طبقے کو چھاپے مار کر خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :