جمعیت علماء اسلام کے کارکن الیکشن کی بھرپور تیاری کریں،مولاناسمیع الحق

الیکشن میں شرکت کرنے کا مقصد پاکستان کو کرپشن سے پاک اور ایک عادلانہ اسلامی نظام کا قیام ہے،وفود سے بات چیت

اتوار جون 18:20

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے الیکشن کے حوالے سے کارکنان اوراہم وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کا مقابلہ ہمیشہ اسلام اورپاکستان دشمن قوتوں کے ساتھ رہا ہے ، اب بھی الیکشن میں شرکت کرنے کا مقصد پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا اور ایک عادلانہ اسلامی نظام کا قیام ہے۔

مولاناسمیع الحق نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام (س) نے ابھی تک کسی جماعت یا پارٹی سے کوئی انتخابی اتحاد نہیں کیا ہے، متحدہ مجلس عمل اور پاکستان تحریک انصاف اوردیگر سیاسی پارٹیوں کی جمعیت س کے قائدین او ررہنماؤں سے یقینا رابطے رہے ہیں لیکن جمعیت (س)نے اپنے منشور اور شرائط کی بنیاد پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے، البتہ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ زیرغور ہے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ الیکشن مہم تیز کردیں اور بغیر کسی انتظار کے جمعیت س کے نشان سیڑھی پر الیکشن کے لئے تیاری کریں۔۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پنجاب ،،سندھ اور بلوچستان میں ہمارا کسی جماعت سے اتحاد نہیں ہے لہٰذا تینوں صوبوں کے قائدین کواختیار دیا ہے کہ وہ جس سے بھی مناسب سمجھیں اتحاد کریں، البہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ چند سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کی بات چل رہی ہے، مولاناسمیع الحق نے کہاکہ سوشل میڈیا پر متحدہ مجلس عمل میں میری شمولیت اوردرخواست دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔